Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ خدمات: ’کمپنیاں ادائیگی اپنے ملکوں میں وصول کریں‘

عمرہ کے لیے مملکت آنے پر شاندار استقبال کیا جاتا ہے۔ فوٹو واس
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ بیرون ملک عمرہ کمپنیاں عمرے کی ادائیگی کے لیے آنے والے افراد سے پیکیج کی ادائیگی اپنے ملک میں ہی حاصل کرنے کا اہتمام کریں۔ وزارت اس حوالے سے کمپنیوں کو ادائیگی کا پابند بنانے کی کارروائی شروع کرنے جارہی ہے۔

وزارت کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ اس پورے نظام کی مانیٹرنگ ساما کرے گی۔ فوٹو واس

عکاظ ویب سائٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ وہ بیرون ملک موجود ان تمام کمپنیوں کو پابند بنانے جارہی ہے کہ وہ عمرے پر آنے والے افراد کے پیکیج کی ادائیگی اپنے ہی ملک میں حاصل کریں۔
وزارت کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ اس پورے نظام کی مانیٹرنگ سعودی مانیٹری اتھارٹی (ساما) کرے گی ۔
عہدیدار نے کہا ہے کہ اس حوالے سے مملکت کے اندر کسی بھی قسم کی ادائیگی قابل قبول نہیں ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ اس سے قبل بیرون ملک موجود ایجنٹ ادائیگی کا طریقہ کار مملکت کے اندر رہ کر کرتے تھے جو اب کسی طور قابل قبول نہیں ہوگا۔ 
سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق وزارت حج و عمرہ میں سیکریٹری اطلاعات عبدالعزیز عبدالرحیم وزان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے قائم عمرہ کمپنیاں اپنے منصوبے ترتیب دیتی ہیں اور وہ اپنے پیکیجز کے تحت ہی عمرہ زائرین کو اپنی خدمات فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے اس بات کی تردید کی ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں کہ 700کمپنیوں میں سے200 کمپنیوں نے اس کام سے خود کو باہر کرلیا ہے، سراسر غلط ہے۔

عمرہ سیزن یکم محرم سے 15شوال تک جاری رہے گا۔ فوٹو واس

انہوں نے کہا ہے کہ ماہ محرم سے عمرہ سیزن شروع ہوچکا ہے جس کے تحت زائرین کی آمد شروع ہوگئی ہے۔ یہ سیزن 15 شوال کو ختم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس موسم میں 10ملین عمرہ زائرین کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے جس میں بتدریج آئندہ آنے والوں برسوں میں اضافہ ہوتا رہے گا۔ 
الوزان نے بتایا ہے کہ عمرہ زائرین مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے پہنچ رہے ہیں۔ دونوں ہوائی اڈوں پر آنے والے عمرہ زائرین کا شاندار استقبال کرنے کے لیے تمام اہلکار مستعد اور چوکس ہیں۔
وزارت کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ ایئرپورٹ کی کارروائی انتہائی تیزی سے نمٹائی جارہی ہے اور مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ان کے مطلوبہ ہوٹلوں تک انتہائی آرام دہ بسوں کے ذریعے پہنچایا جارہا ہے۔ وزارت آنے والے زائرین حرم کے آرام و راحت کا حد درجہ خیال رکھ رہی ہے۔ اس سلسلے میں انہیں مختلف خدمات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ تاکہ وہ اپنے سفرعبادت میں آسانی محسوس کرسکیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: