موسم سرما میں ریاض کو توجہ کا مرکز بنانے کے لیے سنو پارک پر کام جاری ہے جہاں سرمائی شو میں پینگوئن اور آئس سکیٹنگ کے کھیلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
ریاض سیزن میں پہلی مرتبہ 20اکتوبر کو سعودی دارالحکومت میں ونٹر ونڈر لینڈ کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔
عرب نیوز کی اطلاع کے مطابق پراجیکٹ ڈائریکٹر ایڈورڈ ملرز نے بتایا کہ ہم اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مصروف ہیں اور ایسے منصوبے کے لیے یہاں کام کرنا ہمارے لیے خوشی کا باعث ہے اوریہ سب کرنے میں ہمیں اچھا لگ رہا ہے۔اس برف پارک میں آنے والوں کو پرکشش جھولے اور آئس سکیٹنگ کے ساتھ بہت کچھ دیکھنے اور کرنے کو تیار کیا جا رہا ہے۔
ونڈر لینڈ میں مختلف قسم کے جھولے اور موسم سرما کے مطابق کھیلوں کے اہتمام کے لیے تقریبا 300کنٹینرز پر سامان ریاض پہنچ گیا ہے جہاں پر 250سے زائد کارکنان ریاض کے معروف علاقے میں اس کی تنصیب کا کام مکمل کر رہے ہیں۔ یہاں پر روزانہ 40ہزار افراد کے لیے گنجائش رکھی گئی ہے۔
پوری دنیا سے نایاب جھولے یہاں نصب کئے جا رہے ہیں۔ایڈورڈ ملرز نے کہا کہ ان سب کو ایک ساتھ لے کر آنا ایک بڑے چیلنج سے کم نہیں لیکن ہم سب ایک ساتھ کر رہے ہیں جو ایک پہاڑ سے کم نہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں