Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سیزن ،" بولیورڈ "میں اب داخلہ ٹکٹ 100ریال

ہفتے کے ساتویں دن مفت داخلے کی رعایت بھی ختم کر دی گئی .فوٹو ۔ ایس پی اے
 ریاض سیزن کی بے پناہ مقبولیت نے تمام سابقہ  ریکارڈ توڑ دیئے ۔ انتظامیہ نے بے پناہ ازدحام پر قابو پانے  کے لیے ٹکٹ کے نرخوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔" بولیورڈ فیسٹول " کے ٹکٹ اب  50 کے بجائے 100 ریال میں فروخت کیے جائیں گے ۔

ازدحام پر قابو پانے کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا انتظام انٹر نیٹ پر بھی کر دیا گیا ہے ۔ فوٹو ۔ ایس پی اے

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بولیورڈ میں داخلے کے لیے حاصل کیے جانے والے ٹکٹوں پر اشیائے خورونوش بھی حاصل کی جاسکیں گے ۔ اخبار 24 کا کہنا ہے کہ 2 روز قبل بولیورڈ میں داخلہ فیس 50 ریال مقرر کی گئی تھی جبکہ افتتاح کے پہلے ہفتے تک داخلہ ٹکٹ نہیں تھا ۔
دریں اثناء سعودی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ تفریحی کمیٹی کی جانب سے ازدحام پر قابو پانے کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا انتظام انٹر نیٹ پر بھی کر دیا گیا ہے ۔ 
تفریحی کمیٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے ایس پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ' ریاض سیزن عوام میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کر چکا ہے ، بولیورڈ فیسٹول میں 70 ہزار افراد آئے  یہ تعداد گنجائش سے کافی تھی جبکہ الملز کے علاقے میں قائم تفریحی مقام پر آنے والوں کی تعداد25 ہزار تھی ' 
تفریحی کمیٹی کی جانب سے غیر معمولی طور پر عوامی مقبولیت کودیکھتے ہوئے انتظامات کو بہتر بنانے کی غرض سے 2روز قبل 50 ریال فی شخص داخلہ ٹکٹ مقرر کیا گیا تھا ۔ 
داخلہ ٹکٹ لگانے کا مقصد غیر معمولی ازدحام پر قابو پانا تھا ۔ آنے والوں کی اکثریت ایسی تھی جو روزانہ تفریحی مقامات پر آتی تھی ۔ اس حوالے سے انتظامیہ کا خیال تھا کہ اگر ہفتے کے 6  دن ٹکٹ لگادیا جائے اور ایک دن مفت رکھاجائے تو ازدحام پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ داخلہ ٹکٹ لگانے کے باوجود ازدحام میں کوئی خاص فرق نہیں پڑا جس پر ٹکٹ کی قیمت دگنی کر دی گئی ۔ 
ریاض سیزن کی انتظامیہ کا کہناتھا کہ ' داخلہ ٹکٹ خریدنے والوں کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا جسے دیکھتے ہوئے انٹر نیٹ پر  ٹکٹ خریدنے کی سہولت فراہم کی گئی، تاہم اب داخلہ ٹکٹ 100 ریال فی شخص ہو گا جبکہ ہفتے کے ساتویں دن مفت داخلے کی رعایت بھی ختم کر دی گئی  ' ۔

بولیورڈ فیسٹول میں ریاض سیزن کی جانب سے غیر معمولی تفریحی پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں.فوٹو ۔ ایس پی اے

واضح رہے بولیورڈ فیسٹول میں ریاض سیزن کی جانب سے غیر معمولی تفریحی پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں یہاں بیرون ملک سے آنے والے فنکار بھی اپنے فن کا مظاہر ہ کر تے ہیں جبکہ عالمی شہرت یافتہ ریسٹورانٹس کے علاوہ دیگر بے شمار تفریحی اشیاء یہاں رکھی گئی ہیں جس کی وجہ سے یہ فیسٹول غیر معمولی طور پر مقبول ہو رہا ہے '۔

شیئر: