Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ ویزے کی میعاد میں توسیع ممکن ہے

نائب وزیر کے مطابق توسیع عمرہ ویزے کی انتہائی میعاد کے دائرے ہی میں ہوگی۔۔ فوٹو اے ایف پی
جب سے سعودی حکومت نے عمرہ، حج، وزٹ اور سیاحت کے ویزوں کی نئی فیس 300 ریال مقرر کی ہے تب سے ویزوں سے متعلق مختلف قسم کے سوالات سامنے آنے لگے ہیں۔
المدینہ اخبار کے مطابق عمرہ ویزے پر سعودی عرب آنے والوں کی جانب سے ایک بڑا سوال یہ کیا جارہا ہے کہ کیا عمرہ ویزے کی میعاد میں توسیع ہوسکتی ہے۔ اس سوال کا باعث سبب یہ ہے کہ عمرہ ویزے کی کارروائی ایک عرصہ پہلے شروع کردی جاتی ہے۔ پروگرام بناتے وقت بعض لوگوں کے حالات اجازت نہیں دیتے کہ وہ زیادہ عرصہ سعودی عرب میں گزار سکیں گے۔ اچانک صورتحال بدلتی ہے تو وہ ویزے میں توسیع کے آرزو مند ہوجاتے ہیں۔

وزارت حج نے عمرہ فیس 300اور ہیلتھ انشورنس کی مد میں 110ریال مقر ر کیے ہیں۔ فوٹو: سبق

نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح سلیمان مشاط نے اعلان کیا ہے کہ عمرہ کمپنی عمرہ ویزے پر آنے والے کے پروگرام میں توسیع کا حق رکھتی ہے۔ توسیع عمرہ ویزا کی انتہائی میعاد کے دائرہ ہی میں ہوگی۔
عمرے پر آنے والا کمپنی سے مقررہ ایام کے حوالے سے پیکیج لیتا ہے۔ اسکی رقم سعودی عرب میں قیام اور پروگرام کے پیش نظر کم زیادہ ہوتی ہے۔ عمرہ پروگرام میں توسیع پر رہائش اور ٹرانسپورٹ کے انتظامات الگ سے کرنا ہوں گے لہذا ایسی صور ت میں نئے پیکیج کی فیس میں خود بخود اضافہ ہوجائے گا۔
وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہوا ہے کہ 49 ممالک سے آنے والوں کی عمرہ فیس 300 ریال ہے جبکہ عمرے پر آنے والے سے ہیلتھ انشورنس کی مد میں 110ریال مزید وصول کیے جائیں گے۔
مشاط نے بتایا ہے کہ وزارت کے ماتحت خصوصی کمیٹی نے عمرہ اور اس کے ویزے سے متعلق کئی سفارشات ترتیب دی ہیں۔ ان کا مقصد سعودی وژن 2030 کے مطابق عمرے پر آنے والوں کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کرنا ہے۔
سفارشات میں کہا گیا ہے کہ عمرہ کمپنیاں ایک طرف تو اپنی خدمات اچھی طرح سے متعارف کرائیں۔ دوسری جانب مقررہ خدمات احسن شکل میں پیش کریں اور ہر خدمت کے حوالے سے اس کی واضح فیس بھی جاری کریں۔ مختلف خدمات پر مشتمل الگ الگ عمرہ پیکیج جاری کرکے ان کی مارکیٹنگ کریں۔ بیرون مملکت مقیم ایجنسیوں کی مدد سے یہ کام انجام دیا جائے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: