Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ، کوئٹہ روٹ پر نئی پرواز کا آغاز 

مسافر وں کا کہنا تھا کہ براہ راست پرواز سے انہیں کافی سہولت ہو گئی ہے۔ فوٹو۔ اردونیوز
پاکستان کی قومی ایئر لائن نے جدہ، کوئٹہ روٹ پر ریگولر پروازوں کا آغاز کر دیا۔ پی آئی اے کی پہلی فلائٹ پی کے 767 کوئٹہ سے 141 عمرہ زائرین کو لیکر جدہ کے بین الاقوامی ائیر پورٹ پر پہنچی۔
کوئٹہ سے آنے والی پہلی پرواز کے عمرہ زائرین کے استقبال کے لیے پاکستان قونصلیٹ کے قونصل محمد حسن، قونصل پریس ارشد منیر کے علاوہ پی آئی اے کے کنٹری منیجر ارشد درانی اور دیگر اہلکار بھی موجود تھے۔
نئی پرواز کے ذریعے آنے والے عمرہ زائرین کو قونصلیٹ حکام اور پی آئی اے کے افسران نے ہار پہنا کر مملکت آنے پر خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر قونصل پریس ارشد منیر نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے رہنے والوں کا کافی عرصہ سے مطالبہ تھا کہ جدہ کے لیے براہ راست قومی ایئر لائن کی پرواز کا آغاز کیا جائے۔
قومی ایئر لائن کے کنٹری منیجر ارشد درانی نے اردو نیوز کو بتایا کہ کافی عرصہ سے اس روٹ کو شروع کرنے کے لیے کوشش کی جارہی تھی۔ ابتدائی طور پر ہفتے میں 2 پروازیں بروز منگل اور ہفتہ شروع کی گئی ہیں تاہم بعدازاں انکی تعداد میں اضافہ کیاجا سکتاہے۔
کنٹری منیجر نے مزید بتایا کہ " کوئٹہ سے شروع کی جانے والی ہفتہ وار 2 پروازوں کے ساتھ سعودی عرب کے لیے پی آئی اے کی مجموعی پروازوں کی تعداد 42 ہو گئی ہے۔
پی آئی اے کی نئی شروع کی جانے والی پرواز سے کوئٹہ کے رہنے والوں کو کافی فائدہ ہو گا۔ قبل ازیں وہ کوئٹہ جانے کے لیے جدہ سے کراچی جاتے تھے جہاں سے کوئٹہ کے لیے فلائٹ حاصل کرنا پڑتی تھی۔ 
پی آئی اے کی جانب سے نئی شروع کی جانے والی پرواز سے آنے والے مسافر وں کا کہنا تھا کہ براہ راست پرواز سے انہیں کافی سہولت ہو گئی ہے۔ 
کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی حاجی حضر ت گل کا کہنا تھا کہ ' ہمیں چھٹی پر جاتے وقت کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، خا ص کر رمضان اور بقر عید کے موقع پرکیونکہ ان دنوں اکثر لوگ چھٹی پر وطن جاتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں سیٹ نہیں ملتی تھی۔ اب جبکہ کوئٹہ کے لیے براہ راست پرواز کا آغاز ہو گیا ہے اس سے کافی سہولت ہو گی اور ہمیں دوسرے شہر جاکر وہاں سے دوبارہ سفر کرنے کی کوفت بھی نہیں اٹھا نا پڑے گی۔

سافروں اور عمرہ زائرین نے بھی براہ راست فضائی سروس شروع ہونے پر خوشی کا اظہار کیا (فوٹو اے ایف پی)

اس سے قبل کوئٹہ ایئرپورٹ پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے بلوچستان میں منیجر خلیل احمد کھوسہ نے اردو نیوز کے نامہ نگار زین الدین احمد کو بتایا تھا کہ قومی ایئر لائن کی کوئٹہ سے ہر ہفتے میں دو پروازیں بوئنگ ہفتہ اور منگل کو چلائی جائیں گی۔اس سلسلے میں ایئر بیس اے320جہاز استعمال کئے جائیں گے جس میں 140مسافروں کی گنجائش ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ سروس عمرہ زائرین اور سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی تارکین وطن کی سہولت کیلئے شروع کی گئی ہے ۔پہلے بلوچستان کے لوگوں کو کراچی یا پھر دبئی اور شارجہ سے کنٹکنگ فلائٹس سے سعودی جانا پڑتا تھا جس کی وجہ سے انہیں سات آٹھ گھنٹے کراچی یا دبئی میں انتظار کرنا پڑتا تھا کبھی کبھی انہیں فضائی کمپنیوں سے کئی دن تک بھی کنکشن نہیں ملتے جس کی وجہ سے انہیں مشکلات پیش آتی تھی۔ اب صرف بلوچستان کے لوگ چار گھنٹوں سے بھی کم وقت میں کوئٹہ سے براہ راست جدہ پہنچیں گے۔
کوئٹہ ایئر پورٹ پر جدہ جانے والے مسافروں اور عمرہ زائرین نے بھی براہ راست فضائی سروس شروع ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں کام کرنے والے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مزدور ،تاجر اور دینی فرائض کی انجام دینے کی غرض سے جانے والے لوگوں کو اس سروس کا کافی عرصہ سے انتظار تھا۔
کوٹہ ایئرپورٹ پر مسافروں اور عمرہ زائرین کو رخصت کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کا کہنا تھا کہ یہ بلوچستان عوام کی دیرینہ خواہش تھی کہ سعودی عرب کیلئے زیادہ سے زیادہ براہ راست پروازیں چلائی جائیں۔ اب موجودہ حکومت نے یہ مطالبہ پورا کردیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی وژن کے مطابق حکومت بلوچستان کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کررہی ہیں۔
قاسم خان سوری نے کہا کہ کوئٹہ سے سعودی عرب کیلئے براہ راست پروازیں نہ ہونے کی وجہ سے عوام بالخصوص عمرہ زائرین کو مشکلات کا سامنا تھا۔ انہیں پہلے دوسرے صوبوں کو جانا پڑتا تھا اس دوران ان کے سفر کا دورانیہ اور اخراجات بھی بڑھ جاتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بلوچستان سے حج فلائٹس کے ساتھ ساتھ عمرہ زائرین کیلئے بھی فضائی سروس شروع کردی ہے ۔ حکومت کی کوشش ہے کہ متحدہ عرب امارات اور دوسرے ممالک کیلئے بھی کوئٹہ سے براہ راست پروازوں کا آغاز کریں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: