Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرا ٹی20: پاکستان کو شکست

سٹیو سمتھ کو عمدہ بلے بازی کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا، فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ٹی20 میچ میں سات وکٹوں سے ہرا کر تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔ کینبرا میں کھیلے گئے میچ میں 151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کرتے ہوئے دو اوورز میں سکور 25 تک پہنچا دیا۔
آسٹریلیا نے 19 اوور کی تیسری بال پر مقررہ ہدف حاصل کر کے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ آسٹریلیا کی جانب سے سٹیو سمتھ نے 51 بالز پر 80 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
آسٹریلیا کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب ڈیوڈ وارنر 20 رنز بنانے کے بعد محمد عامر کی بال پر بولڈ ہو گئے۔ آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی کپتان ایرون فنچ تھے، وہ 17 رنز بنانے کے بعد عرفان کا شکار بنے، بابر اعظم نے ان کا کیچ لیا۔ اس وقت آسٹریلیا کا مجموعی سکور 48 تھا۔

افتخار احمد نے  پانچ چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے، فوٹو: اے ایف پی

106 سکور پر آسٹریلیا کا تیسرا کھلاڑی آؤٹ ہو گیا۔ آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی میک ڈرمٹ تھے جو 21 رنز بنا کر عماد وسیم کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عرفان، محمد عامر اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 150 رنز بنائے۔ اوپنر فخر زمان دو اور حارث سہیل چھ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔
کپتان بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر مسلسل دوسری نصف سینچری سکور کی۔ بابر اعظم 50 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔ آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان تھے جنہوں نے 14 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے افتخار احمد اور بابر اعظم نے نصف سینچریاں سکور کیں، فوٹو: اے ایف پی

افتخار احمد نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 34 بالز پر 62 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں پانچ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ عماد وسیم 11 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے اے سی ایگر نے دو، جبکہ پی جے کمنز اور رچرڈسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان اور آسٹریلیا نے دوسرے ٹی20 میچ میں بھی پہلے میچ کی ٹیم کو برقرار رکھا۔ 
اس سے قبل تین نومبر کو دونوں ٹیموں کے درمیان سڈنی میں کھیلا گیا پہلا ٹی 20 میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔
پہلے ٹی 20 میچ میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔

پاکستان کی جانب سے عرفان، عامر اور عماد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، فوٹو: اے ایف پی

بارش کے باعث 15 اوورز تک محددو ہونے والے میچ میں پاکستانی ٹیم نے پانچ کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر 107 رنز بنائے تھے، تاہم امپائرز نے ڈک ورتھ اینڈ لوئس میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو 119 رنز کا ہدف دیا تھا۔
آسٹریلیا نے 3.1 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 41 رنز بنائے تھے کہ ایک بار پھر بارش شروع ہونے کے باعث میچ کو روک دیا گیا۔
مسلسل بارش کے باعث امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا۔
پاکستان کی ٹی 20 ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں تین میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے آسٹریلیا میں موجود ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان  تیسرا اور آخری ٹی20 میچ آٹھ نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔ آسٹریلیا کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
 
ٹی 20 میچز کے لیے پاکستان کی 16 رکنی قومی ٹیم بابر اعظم (کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوش دل شاہ، محمد عامر، محمد حسنین، محمد عرفان، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، موسیٰ خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔
ٹی 20 سیریز کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم ٹیسٹ کپتان اظہر علی کی قیادت میں آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز بھی کھیلے گی۔
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: