وہی سزا دی جائے گی جو کرنسی جعلسازی کے لیے مقرر ہے۔
سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (ساما) کے گورنر ڈاکٹر احمد بن عبدالکریم الخلیفی نے ہدایت جاری کی ہے کہ تحائف پیکٹ میں کرنسی نوٹ سجانے پر3 تا 10ہزار ریال جرمانہ اور 5 برس قید کی مقررہ سزانافذ کی جائے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق گورنر ساما نے کہا کہ کرنسی نوٹ میں جعلسازی سے متعلق شاہی فرمان میں یہ بات موجود ہے کہ اگر کوئی شخص آرائش کے لیے کرنسی نوٹ استعمال کرے گا تو وہ قومی علامت کی توہین کا مرتکب ہوگا ۔ ایسا کرنے سے کرنسی نوٹ کی اہمیت کم ہوگی۔ اس عمل پر وہی سزا دی جائے جو کرنسی میں جعلسازی کے لیے مقرر ہے۔
ساما کے گورنر نے واضح کیا ’ گلدستوں کے تاجر اور مختلف تحائف فروخت کرنے والے عام طورپر کرنسی نوٹ بھی گلدستے یا تحائف میں سجاتے ہیں وہ ایسا کرکے سعودی کرنسی کی توہین کے مرتکب ہورہے ہیں‘۔
’ جو شخص بھی گلدستے یا کسی بھی قسم کے تحائف میں کرنسی نوٹ سجائے گا اسے 3تا 5 برس تک قید اور 3 تا 10ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا۔ان دونوں سزاﺅں میں سے کسی ایک پر اکتفا بھی کیا جاسکتا ہے‘۔
ڈاکٹر الخلیفی نے یہ ہدایت ان رپورٹوں کے تناظر میں جاری کی ہے جن میں بتایا گیا کہ شادی بیاہ اور خوشی کی مختلف تقریبات میں گلدستے پیش کرنے والے کرنسی نوٹ بھی استعمال کرتے ہیں ۔ کرنسی نوٹ کی شکل و صورت بگڑ جانے یا کسی کیمیکل مادے سے متاثر ہونے کی صورت میں خراب ہوجاتے ہیں۔ خراب نوٹ تبدیل کرنے کے لیے ساماسے رجوع کیا جارہا ہے۔
متبادل نوٹ طلب کرنے والوں کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں