Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حکومت کو کہیں چھپنے نہیں دیں گے‘

مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ مستقبل کے حوالے سے فیصلہ تمام کارکنوں کے لیے قابل قبول ہو گا، فوٹو: سوشل میڈیا
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس وقت ہم تمام پارٹیوں کے ساتھ مشاروت کر رہے ہیں۔  ’ہم دباؤ مزید بڑھائیں گے اور جو فیصلہ کریں گے وہ دباؤ بڑھانے کے لیے ہو گا۔حکومت کو کہیں چھپنے نہیں دیں گے۔‘
پیر کو اسلام آباد میں آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ  ’حکومت سمجھتی ہے کہ ہم یہاں سے اٹھ کر گھروں کو جائیں گے۔ ہم اس جدوجہد کو میدانوں اور صحراؤں تک لے جائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مستقبل کے حوالے سے جو بھی فیصلہ بھی ہو گا وہ تمام کارکنوں کے لیے قابل قبول ہو گا۔‘ ان کا کہنا ہے کہ جب ہم نے حکومت کو ناجائز ٹھرایا تو کوئی ہم سے زبردستی اس کو جائز نہیں ٹھرا سکے گا۔

 

جے یو آئی کے سربراہ کے مطابق ’جابر‘ اور ’ناجائز‘ حکومت کے خاتمے کے لیے ان کی پارٹی کی جدوجہد استقامت کےساتھ جاری رہے گی۔‘
مولانا فضل الرحمان  نے کہا کہ ’ہم آئین، قانون، جمہوریت اوراصولوں کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہم اپنا دباؤ مزید بڑھا رہے ہیں اور بڑھاتے جائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آئین اور قانون کی حدود میں اتنا منظم اجتماع ملکی تاریخ میں شاید کم دیکھا گیا ہو۔ آئین سے دور جائیں گے تو تصادم ہو گا۔‘

مولانا فضل الرحمان کے مطابق ’قوم ایک پیج پر ہے، پاکستان پر جبر کی حاکمیت تسلیم نہیں کریں گے۔‘ فوٹو اے ایف پی

ان کا کہنا تھا کہ ’ناجائز حکمرانوں سے نجات تک جنگ جاری رہے گی۔‘
 حکومتی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ملک میں بیرونی سرمایہ کاری ختم ہو چکی ہے، کوئی یہاں پیسا لگانے کو تیار نہیں۔ پاکستان کو آئی ایم ایف، عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کا غلام بنا دیا گیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کے مطابق ’قوم ایک پیج پر ہے، پاکستان پر جبر کی حاکمیت تسلیم نہیں کریں گے۔‘

شیئر: