ایک برس میں 90 پوائنٹس پر ڈرائیونگ لائسنس منسوخ ہو جائے گا۔ فوٹو اے ایف پی
ٹریفک حادثات کی روک تھام اور خلاف ورزیوں کے انسداد کے حوالے سے سعودی عرب میں نئے قوانین متعارف کرانے کے لیے سمری مکمل کر لی گئی۔ خلاف ورزیوں کا ریکارڈ پوائنٹس سکورنگ کے ذریعے رکھا جائے گا۔
ریکارڈ ہونے والی پہلی خلاف ورزی کے ایک برس تک دوسرا چالان نہ ہونے پر سابقہ خلاف ورزی از خود سسٹم سے خارج ہو جائے گی۔
تین برس کے دوران خلاف ورزیوں کے 90 پوائنٹ حاصل کرنے والے کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔
عکاظ اخبار نے اپنے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ نئے ٹریفک قانون کی سمری منظور کر لی گئی ہے جسے پرانے قانون کی جگہ نافذ کیاج ائے گا۔ نئے مجوزہ قوانین پر عمل درآمد سرکاری اعلان کے 180 دن کے بعد کیا جائے گا۔
مجوزہ قوانین میں مزید کہا گیا ہے کہ خلاف ورزیوں پر اعتراض داخل کیا جاسکتا ہے جس کے لیے ٹریفک پولیس کے عدالتی سسٹم سے رجوع کرنا ہو گا جہاں اعتراض دائر کرنے والا اپنے دلائل پیش کرے گا۔
نئے قوانین میں ہلاک ہونے والوں پر سابقہ ٹریفک چالان جو ادا نہ کیے گئے ہوں از خود ساقط ہو جائیں گے۔ کوئی بھی شخص ناکارہ گاڑی (سکریپ) بیرون ملک مقررہ اداروں کی اجازت کے بغیر نہیں بھیج سکتا۔ ادارے سے اجازت نامہ حاصل کرے بغیر ناکارہ گاڑی بیرون ملک بھیجنے پر 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجائے گا۔
کسی بھی گاڑی کو مخصوص حالات کے علاوہ پولیس تحویل میں نہیں رکھا جاسکتا۔ سنگین حادثے کی صورت میں یا دیگر قانونی تقاضوں پر گاڑی پولیس تحویل میں رکھی جاسکتی ہے۔
مجوزہ نئے ٹریفک پولیس قوانین میں ڈرائیوروں کا ریکارڈ پوائنٹ سکورنگ کے ذریعے کیاجائے گا۔ پوائنٹس کی انتہائی حد عبور کرنے والے ڈرائیوروں کا لائسنس منسوخ کر کے ان پر گاڑی چلانے کی پابندی عائد کر دی جائے گی۔
ریکارڈ کی جانے والی خلاف ورزیوں کے پوائنٹس کے بارے میں ڈرائیورز کو اطلاع ان کے فراہم کردہ ڈیجیٹل رابطے کے وسائل کے ذریعے کی جائے گی۔
خلاف ورزیوں کے پوائنٹس کے مطابق عارضی اور مستقل طور پر ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کیاجا سکے گا۔ جس کا ڈرائیونگ لائسنس مستقل طور پر منسوخ کر دیا گیا ہو گا اسے اس بات کی اجازت ہو گی کہ وہ منسوخی کے ایک برس بعد دوبارہ لائسنس حاصل کرنے کے لیے نئے سرے سے درخواست دے۔
ایسے ڈرائیورز جن پر ایک برس میں ایک ہی خلاف ورزی ریکارڈ کی گئی ہوگی ان کا منفی پوائنٹ اس صورت میں ڈیلیٹ کیا جاسکے گا جب ریکارڈ کے مطابق ایک برس دوسری کوئی خلاف ورزی درج نہ کی گئی ہو۔
مجوزہ قانون میں ایسے افراد جن پر سلامتی اصولوں کی پامالی کی سنگین خلاف ورزی درج کی گئی ہو اور وہی چالان ایک برس مزید دو بار درج ہونے کی صورت میں ایسے افراد کو ٹریفک عدالت میں پیش ہونا ہو گا جہاں انہیں انتہائی سزا ایک برس قید اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
نئے قوانین میں نو انتہائی خطرناک خلاف ورزیوں کا ذکر کیا گیا ہے جن میں اہم ترین نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنا، رانگ سائیڈ ڈرائیونگ اور ٹریفک سگنل خلاف ورزی بھی شامل ہے۔