’سوسائٹی لاعلمی اور کاہلی کے خلاف جنگ ہار گئی‘
برطانیہ کی اپاسٹروفی پروٹیکشن سوسائٹی 96 سالہ سابق صحافی جان رچرڈز نے 2001 میں قائم کی تھی،فوٹو: سوشل میڈیا
برطانیہ کی اپاسٹروفی پروٹیکشن سوسائٹی کے بانی نے اعلان کیا ہے کہ ’وہ انگریزی رموز اوقاف کے درست استعمال کے لیے بنائی گئی سوسائٹی کو بند کر رہے ہیں۔‘
سوسائٹی کے بانی کا کہنا ہے کہ ’بدقسمتی سے سوسائٹی لاعلمی‘ اور ’کاہلی‘ کے خلاف جنگ ہار گئی۔‘
برطانیہ کی اپاسٹروفی پروٹیکشن سوسائٹی 96 سالہ سابق صحافی جان رچرڈز نے 2001 میں قائم کی تھی اور اس کا مقصد بہت زیادہ غلط استعمال ہونے والے رموز اوقاف کی درست استعمال کو یقینی بنانا تھا۔
رچرڈز نے اپنی زندگی کے آخری 25 برس بطور سب ایڈیٹر اخبار میں کام کیا جہاں وہ صحافیوں کی تحریر میں غلطیاں درست کیا کرتے تھے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد بھی انہوں نے روزمرہ زندگی میں ایسی غلطیوں کی نشاندہی کا سلسلہ جاری رکھا اور رموز اوقاف کی بقا کو خطرے میں دیکھتے ہوئے اس کی حفاظت کا ذمہ لیا۔
تاہم اب رچرڈز کا کہنا ہے کہ ’وہ دو وجوہات کی بنا پر اپنا آپریشن بند کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے سوسائٹی کی ویب سائٹ پر لکھا کہ’ ایک تو 96 برس کی عمر میں میں نے اپنے وعدوں کی تکمیل میں کمی کر دی ہے اور دوسرا یہ کہ کچھ تنظیمیں اور افراد انگریزی زبان کے رموز اوقاف کے صحیح استعمال کا خیال کر رہی ہیں۔‘
’ہم اور دنیا بھر میں ہمارے کئی حامیوں نے اپنے تئیں بہترین کام کیا ہے لیکن جدید دور میں لاعلمی اور سستی جیت گئی ہے۔‘