ٹرین سے سفر کے خواہشمند آن لائن ریزرویشن کرا سکتے ہیں۔ فوٹو: سبق
سعودی عرب میں حرمین ایکسپریس ٹرین بدھ گیارہ دسمبر سے دوبارہ چلنے لگے گی۔جدہ کے نئے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ریلوے سٹیشن کا تجربہ کامیاب رہا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق الحرمین ایکسپریس ٹرین کے آپریشنل ڈائریکٹر جنرل ریان الحربی نے بتایا ’ حرمین ٹرین مدینہ منورہ ،رابغ میں کنگ عبداللہ اکنامک سٹی اور جدہ کے نئے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان دوبارہ چلنے لگے گی۔ ان سب سٹیشنوں کے درمیان ریلوے لائنوں کا تجربہ کامیاب رہا ہے‘۔
ریان الحربی کے مطابق’ مکہ مکرمہ کے لیے حرمین ٹرین آئندہ ہفتے بحال ہوگی‘۔
ڈائریکٹر جنرل ریان الحربی نے بتایا ’ فی الوقت جدہ کے باشندے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا حرمین سٹیشن استعمال کرسکتے ہیں۔ جدہ میں السلیمانیہ سٹیشن سے ریلوے سروس کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے‘۔
’ جدہ ایئرپورٹ ٹرین سٹیشن سے ہر دس منٹ میں ایک ٹرین چلائی جاسکتی ہے۔ یہ سروس مصروف اوقات میں مہیا ہوگی‘۔
ریان الحربی کے مطابق ٹرین سے سفر کے خواہشمند حضرات آن لائن ریزرویشن کرا سکتے ہیں۔ الحجوازات اپیلی کیشن سے یہ کام لیا جاسکتا ہے۔ ریزرویشن کے تمام روایتی طریقے مسافروں کو دستیاب ہوں گے۔
جدہ میںنئے کنگ عبدالعزیز ائیر پورٹ کے ریلوے سٹیشن اتوار کو ریلوے سٹیشن کا تجرباتی آغاز ہوا ہے۔ شاہ عبدالعزیزبین الاقوامی ہوائی اڈے پر تعمیر ہونے والا ریلوے سٹیشن حرمین ٹرین کا پانچواں سٹیشن ہے۔
حرمین ریلوے کا پہلا سٹیشن مکہ، دوسرا جدہ ، تیسرا شاہ عبدالعزیز ہوائی اڈے پر، چوتھا سٹیشن شاہ عبداللہ اکنامک سٹی رابغ اور پانچواں سٹیشن مدینہ میں تعمیر کیا گیا ہے۔
جدہ ایئرپورٹ اسٹیشن پر ہر پلیٹ فارم 519 میٹر طویل ہے۔ ہر پلیٹ فارم میں 832 مسافروں والی دہری ٹرینوں کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ اس سے سالانہ 20 ملین افراد سفر کرسکتے ہیں۔
جدہ ائیر پورٹ کا ریلوے سٹیشن 12 ہزارمربع میٹر کے رقبے پر بنا ہوا ہے۔ یہاں بزنس کلاس اور وی آئی پیز کے لیے دو الگ ہال بنائے گئے ہیں۔ ریلوے اسٹیشن انتظامیہ سعودی شہریوں پر مشتمل ہے ان کی ٹریننگ بین الاقوامی امن و سلامتی کے جدید ترین معیار کے مطابق کی گئی ہے۔