ہوائی اڈے پر تجرباتی سروس کے بعد ریلوے ٹریک بحال کیا جائے گا، فوٹو: الوطن
جدہ میں شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تعمیر ہونے والے ریلوے سٹیشن کا تجرباتی آغاز کر دیا گیا ہے۔ سعودی ریلوے کے ڈائریکٹر اور دیگر ذمہ داروں نے تجرباتی سروس کا معائنہ کیا اور کام کی رفتار پر اطمینا ن کا اظہار کیا ۔
نئے تعمیر ہونے والے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پرعالمی معیار کا ریلوے سٹیشن بھی قائم کیا گیا ہے جس سے مسافروں خاص طور پر حج سیزن میں عازمین حج کو کافی سہولت ہو گی۔
مقامی نیوز ویب سائٹ اخبار 24 کے مطابق ریلوے ٹریک کے تجزیے کا عمل جاری ہے اور مکمل طور پر تسلی کرنے کے بعد ٹریک کھولا جائے گا ۔
واضح رہے کہ شاہ عبدالعزیزبین الاقوامی ہوائی اڈے پر تعمیر ہونے والا ریلوے سٹیشن حرمین ٹرین کا پانچواں سٹیشن ہے۔ حرمین ریلوے کا پہلا سٹیشن مکہ، دوسرا جدہ ، تیسرا شاہ عبدالعزیز ہوائی اڈے پر، چوتھا سٹیشن شاہ عبداللہ اکنامک سٹی رابغ اور پانچواں سٹیشن مدینہ میں تعمیر کیا گیا ہے۔
حرمین ریلوے منصوبے کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ ’جدہ ریلوے سٹیشن جو گذشتہ ماہ آتشزدگی کی وجہ سے تباہ ہو گیا تھا کی دوبارہ مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔‘
دریں اثناء الاقتصادہ اخبار کے مطابق حرمین ریلوے میں 35 ہائی سپیڈ ٹرینیں شامل ہیں۔ ہر ٹرین میں 13 بوگیاں ہیں جن میں 400 مسافروں کی گنجائش ہے۔ ایئر پورٹ کے سٹیشن میں سروس مکمل طور پر شروع ہونے سے عازمین حج کو کافی سہولت ہو گی ۔ ہوائی اڈے پر آنے والے عازمین اور معتمرین براہ راست مکہ اور مدینہ روانہ ہو جائیں گے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں