Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاورما کھانے سے 262 افراد زہرخورانی کا شکار

عسیر کے میئر نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ہنگامی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی ہے فائل فوٹو
عسیر ریجن کے محکمہ صحت کے مطابق بحر ابو سکینہ تحصیل کے مشہور ریستوران کے شاورما سے زہر خورانی کا شکار ہونے والوں کی تعداد 262 تک پہنچ گئی ہے۔ متاثرین کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق زہر خورانی کا واقعہ2 روز قبل پیش آیا تھا۔ گورنر عسیر شہزادہ ترکی بن طلال نے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ متاثرین کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فرہم کریں۔

پولیس نے ریستوران میں کام کرنے والے تمام افراد کو تحویل میں لے لیا گیا ہے فائل فوٹو

عسیر محکمہ صحت کے ترجمان عبدالعزیز الشایع نے بتایا کہ ہسپتالوں میں 65 متاثرین اب بھی زیرعلاج ہیں جبکہ مریضوں کے مختلف ٹیسٹ لیے جارہے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات میں 40 افراد کے متاثر ہونے کی اطلاع تھی، متعدد لوگ زہر خورانی کا شکار ہونے کے باوجو ہسپتالوں سے رجوع نہیں کررہے تھے۔
عسیر سعودی عرب کے جنوب مغرب بعید میں واقع ہے۔ بحر ابو سکینہ اسی ریجن کی محایل کمشنری کی ایک تحصیل ہے۔ یہ ابہا شہر سے 130کلو میٹر کے فاصلے پر آباد ہے۔ اس کی آبادی 30ہزار 686ہے۔

میونسپلٹی افسران نے ریستوران پہنچ کر مختلف نمونے جمع کرکے لیباریٹری بھجوا دیے ہیں فائل فوٹو

عسیر کے میئر ڈاکٹر ولید الحمیدی نے ہنگامی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی ہے۔ کمیٹی کو صورتحال کاجائزہ لینے کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ متاثرین میں سے کسی کی موت واقع نہیں ہوئی۔ پولیس نے ریستوران میں کام کرنے والے تمام افراد کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
میونسپلٹی کے افسران نے ریستوران پہنچ کر 41 سے زیادہ نمونے جمع کرکے لیباریٹری بھیج دیے ہیں، آئندہ 72گھنٹوں کے اندر رپورٹ مل جا ئے گی۔
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
                
 

شیئر: