آئندہ سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی آن لائن نکاح کرسکیں گے۔ فائل فوٹو
سعودی وزارت انصاف نے آن لائن نکاح کا طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔
آئندہ سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی آن لائن نکاح کر سکیں گے۔ انہیں نکاح کے لیے عدالت جانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت انصاف نے آن لائن نکاح کے قانون کے حوالے سے وڈیو کلپ بھی جاری کیا ہے جس میں اس کے فوائد سے آگاہ کیا گیا ہے۔
آن لائن نکاح سے نئے جوڑے اور ان کے رشتے داروں کو عدالت کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔
تفصیلات کے مطابق امیدوار کو سب سے پہلے وزارت انصاف کی ویب سائٹ پر جاکر نکاح کے قانون کی بابت معلومات حاصل کرنا ہوں گی۔ اس کے بعد امیدوار کو مطلوبہ معلومات کا اندراج کرانا ہوگا۔
نکاح خواں کا انتخاب، نکاح کی تاریخ اور وقت متعین کرنا پڑے گا۔ امیدوار یہ تمام تفصیلات کے ساتھ وزارت انصاف کی ویب سائٹ پر درخواست بھیجے گا۔ وزارت انصاف نکاح کے خواہشمند شخص اور نکاح خواں کے لیے از خود پیغامات روانہ کرے گی۔
اگلے مرحلے میں نکاح خواں دلہا اور دلہن کے شناختی کارڈ کے نمبر اور ان کی تاریخ پیدائش ای نکاح کے تحت سسٹم میں درج کرے گا۔
اس کے جواب میں وزارت انصاف سے اس کے نام ایک ایس ایم ایس آئےگا۔ یہ منظوری کا ایس ایم ایس ہوگا جس کے بعد وہ نکاح پڑھائے گا۔
نکاح کی اس کارروائی کے بعد تیسرا مرحلہ شروع ہوگا جس میں دلہا اور دلہن فنگر پرنٹس کے ذریعے دستخط کریں گے اورگواہ حضرات کی بورڈ کے ذریعے دستخط کریں گے۔
آن لائن نکاح کے حوالے سے اطلاع ملتے ہی شادی کے خواہشمند جوڑوں کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ اس کی بدولت اب وہ کاغذ کے استعمال سے بے نیاز ہوگئے ہیں۔ آن لائن نکاح کی بدولت فریقین کے حقوق محفوظ ہوگئے۔ انہیں عدالت کے چکر بھی نہیں لگانا پڑیں گے، اس طرح کوئی بھی شخص آن لائن شادی کرسکے گا۔