Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں ’متحرک گنبد‘

توسیع کے بعد حرم شریف میں 30 لاکھ افراد نماز ادا کرسکیں گے۔ فائل فوٹو
مسجد الحرام کی تیسری توسیع کا کام زور و شور سے جاری ہے۔ اس کے تحت چھ گنبدوں کا مجموعہ تیار کیا جائے گا۔ ان میں سے بعض گنبد متحرک ہوں گے۔
مکہ اخبار کے مطابق چھ گنبدوں کے مجموعے میں سب سے بڑا گنبد متحرک ہوگا۔ یہ باب الملک عبداللہ کے اوپر تعمیر ہوگا۔ اس کا دائرہ 36.5 میٹر ہوگا۔ متحرک گنبد 21میٹر اونچا ہوگا۔ زمین سے گنبد کی چھت تک کا فاصلہ 80 میٹر ہوگا۔ اس کا مجموعی وزن 860 ٹن رہے گا۔

 متحرک گنبد 21 میٹر اونچا اور زمین سے گنبد کی چھت تک کا فاصلہ 80 میٹر ہوگا۔ فوٹو: مکہ اخبار

واضح رہے کہ مسجد الحرام کی تیسری توسیع کا حکم شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے دیا تھا۔ یہ اعلان 2008 میں کیا گیا تھا۔ یہ توسیع مسجد الحرام کے شمالی حصے میں کی جارہی ہے۔
مکہ مکرمہ میں المدعی محلے کے شمال مشرق سے لے کر شامیہ، حارة الباب اور الشبیکہ کے شمال مغرب تک توسیع کا کام جاری ہے۔
مسجد الحرام کی تیسری توسیع تین مرحلوں میں نافذ کرنے کا پروگرام بنایا گیا تھا۔ یہ مسجد الحرام کی تاریخ کی سب سے بڑی توسیع ہے۔ پہلے مرحلے کے تحت حرم کی توسیعی عمارت، دوسرے مرحلے میں خارجی صحنوں کا کام انجام دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس میں راہداریاں، انڈر پاس اور طہارت خانے شامل ہیں۔ تیسرے مرحلے میں ایئر کنڈیشن، بجلی اور پانی وغیرہ خدمات والے علاقے کی توسیع رکھی گئی۔
تیسری توسیع کا آغاز جون 2010 میں ہوا۔ توسیع کا مجموعی رقبہ 1470ملین مربع میٹر ہے۔
 توسیع مکمل ہونے پر 1.850ملین نمازیوں کی گنجائش پیدا ہوجائے گی۔ مجموعی طور پر حرم شریف میں 30 لاکھ افراد نماز ادا کرسکیں گے۔
                      
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
 

شیئر: