صحن مطاف کی توسیع کا دوسرا مرحلہ، شاہ عبدالعزیز دروازہ عارضی طور پر بند
مکہ مکرمہ .... حرم مکی شریف میں صحن مطاف کی توسیع کا دوسرا مرحلہ شروع کر دیا گیا ۔ مکہ گورنریٹ کا کہنا ہے کہ مطاف کی توسیع کا دوسرا مرحلہ حج سیزن سے قبل مکمل ہو جائے گا ۔ اس ضمن میں گورنریٹ کی جانب سے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے حرم مکی الشریف میں توسیعی کام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے لئے حرم شریف کے شاہ عبدالعزیز گیٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے ۔ معتمرین اور زائرین حرم شریف آنے اور باہر جانے کےلئے یہ دروازہ استعمال نہ کریں ۔ واضح رہے حرم شریف کے مطاف کی توسیع کا پہلا مرحلہ رمضان المبارک سے قبل مکمل ہو گیا تھا جس پر انتظامیہ نے ماہ رمضان المبارک میں مملکت اور دنیا بھر سے آنے والے معتمرین کی سہولت کےلئے مطاف کو کھول دیا تھا جس سے زائرین اور معتمرین کو کافی سہولت ہو ئی ۔ ماہ رمضان المبارک میں حرم شریف کی انتظامیہ کی جانب سے معتمرین کےلئے خصوصی انتظامات کئے گئے جن میں اہم ترین مرحلہ طواف کا تھا ۔ اس حوالے سے ایوان شاہی کی جانب سے جاری احکامات پر عمل کرتے ہوئے صلاة التراویح کے دوران مطاف میں نماز پڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی جس سے معتمرین اور طواف کرنے والوں کو کافی سہولت ہوئی ۔ مطاف کی توسیع سے قبل امور حرمین کے ادارے کی جانب سے آب ز م زم کنوئیں کی مرمت اور اسکی لائنوں کی توسیع کی گئی تھی جس کا مقصد آب زم زم کو فلٹر کرنا تھا ۔ علاوہ ازیں صحن مطاف میں وضو خانوں کا قیام تھا جو رکن یمانی کے بالمقابل صحن برآمدے میں قائم کئے گئے ہیں ۔ ان وضو خانوں کی تعمیر سے لوگوں کو کافی سہولت ہو ئی ہے جنہیں حرم شریف میں دوبارہ وضو کی حاجت ہوتی ہے انہیں حرم شریف کے باہر جانے کی ضرورت نہیں رکن یمانی کے بالمقابل سیڑھیوں کے نیچے مردوں اور خواتین کےلئے علیحدہ علیحدہ وضوخانے تعمیر کئے گئے ہیں ۔