امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف مواخذے کی منظوری کو ناانصافی قرار دیتے ہوئے ڈیموکریٹ پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان کی جوڈیشری کمیٹی نے جمعے کو صدر ٹرمپ پر لگائے گئے دو الزامات کی منظوری دی تھی، جن میں طاقت کا غلط استعمال اور کانگریس کی راہ میں رکاوٹ بننا شامل ہے۔
ان الزامات کے تحت صدر ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحریک پر ایوان نمائندگان میں اگلے ہفتے ووٹنگ ہو گی۔
صدر ٹرمپ پر الزام لگایا گیا ہے کہ ان کے رفقا اور ذاتی وکیل نے یوکرین کے صدر پر دباؤ ڈالا تھا کہ ڈیموکریٹس اور صدر ٹرمپ کے سیاسی حریف سابق نائب صدر جو بائیڈن کے خلاف سیاسی مواد اکھٹا کیا جائے۔
صدر ٹرمپ پر یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ انہوں نے ایوان نمائندگان کی جانب سے اس واقعے کی انکوائری کرنے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔
It’s not fair that I’m being Impeached when I’ve done absolutely nothing wrong! The Radical Left, Do Nothing Democrats have become the Party of Hate. They are so bad for our Country!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) December 14, 2019
جوڈیشری کمیٹی کی کارروائی پر ردعمل دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کیا کہ انہوں نے بالکل کچھ غلط نہیں کیا اور ان کے خلاف مواخذے کی منظوری ناانصافی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیموکریٹس ’نفرت کی جماعت‘ بن گئے ہیں اور یہ ہمارے ملک کے لیے ’انتہائی خراب‘ ہیں۔
’بائیں بازو کی جماعتیں کچھ نہیں کرتیں۔‘
جمعہ کو جوڈیشری کمیٹی کی مواخذے کے معاملے پر ہونے والی کارروائی دس منٹ جاری رہی۔ کارروائی کے اختتام پر مواخذے کے عمل کو آگے بڑھانے کے حق میں 23 ووٹ جبکہ مخالفت میں 17 ووٹ آئے جس کے بعد یہ معاملہ ووٹنگ کے لیے ایوان نمائندگان کے سپرد کر دیا گیا۔
صدر ٹرمپ امریکہ کی تاریخ میں مواخذے کی تحریک کا سامنا کرنے والے تیسرے صدر ہیں۔ 1868 میں اینڈریو جانسن مواخذے کا سامنا کرنے والے پہلے صدر تھے، جبکہ 1998 میں بل کلنٹن کے خلاف مواخذہ کیا گیا تھا۔ تاہم ان صدور کو اپنے عہدوں سے ہٹایا نہیں گیا تھا۔
ڈیموکریٹ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ’قوم کو دھوکہ‘ دیا ہے۔
جبکہ ریپبلیکن پارٹی نے جوڈیشری کمیٹی کے سربراہ اور ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما جیری نیڈلر پر الزام عائد کیا ہے وہ اس معاملے کو صرف اس لیے آگے بڑھا رہیں ہیں تاکہ وہ اور ان کی جماعت خبروں کی زینت بنی رہے۔
جیری نیڈلر نے کمیٹی کی کارروائی کے اختتام پر صحافیوں کو مختصر بیان دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ’انتہائی افسوسناک دن‘ ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے اقدامات سے امریکی انتخابات اور اختیارات کی تقسیم جو شخصی آزادی کو تحفظ دیتے ہیں کو براہ راست خطرہ ہے۔
جیری نیڈلر کا کہنا تھا کہ مواخذے کے معاملے کو تیزی سے نمٹانے کے لیے ایوان نمائندگان میں جلد ووٹنگ ہو گی۔
-
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں