کوشش ہوگی کہ دنیا بھر کے سیاح جنادریہ میلہ دیکھیں۔ فوٹو العربیہ
سعودی وزارت ثقافت نے کہا ہے کہ جنادریہ میلہ نومبر میں ہوگا۔میلے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق وزارت ثقافت کے ترجمان عبدالکریم الحمید نے بتایا ہے کہ اس سے قبل جنادریہ میلے کا انتظام و انصرام وزارت نیشنل گارڈ کرتی تھی۔ اس سال سعودی عرب کا یہ بڑا ثقافتی میلہ وزارت ثقافت کے سپرد کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ پوری دنیا میں نمایاں پہچان رکھنے والا جنادریہ میلہ اس سال خصوصی توجہ کا مرکز ہوگا۔ وزارت ثقافت جنادریہ میلے کو نہ صرف یادگار بنانا چاہتی ہے بلکہ اسے پوری دنیا میں توجہ کا مرکز بنانے کی خواہاں ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ اس سال منعقد ہونے والا جنادریہ میلہ متعدد اسباب کی بنا پر خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ اس کی پہلی وجہ یہ ہے کہ یہ اس وقت منعقد ہورہا ہے جب سعودی عرب میں جی 20 کانفرنس کا انعقاد ہونے جارہا ہے۔ یہ کانفرنس جنادریہ میلے کے دنوں میں ہی ہوگی۔
دوسری وجہ یہ ہے کہ میلہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب سعودی عرب نے دنیا بھر کے لیے سیاحتی ویزوں کا آغاز کیا ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ دنیا بھر کے سیاح یہاں آکرجنادریہ میلہ دیکھیں۔
واضح رہے کہ جنادریہ میلے کا آغاز 1985ءمیں ہوا تھا۔ یہ وزارت نیشنل گارڈ کے تحت ہوا کرتا تھا۔ میلے میں دنیا بھر سے لوگ شرکت کرنے آتے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں