Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روس کی’خود مختار‘ انٹرنیٹ سروس

روس میں انٹرنیٹ کی آزادی کے حق میں مظاہرے بھی ہوتے رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
روس نے انٹرنیٹ سروسز کو ممکنہ سائبر حملوں سے بچانے کے لیے اپنے انٹرنیٹ سسٹم کی فعالیت کے حوالے سے تجربے کیے ہیں۔
یہ تجربے نومبر میں بننے والے اس قانون کے تحت کیے گئے ہیں جس کے مطابق بیرونی ممالک سے آنے والی انٹرنیٹ ٹریفک کو روس میں دیکھنے سے روکا جا سکے۔
ناقدین کے خیال میں اس قانون سے سنسرشپ کو فروغ ملے گا اور روس عالمی سطح پر تنہا ہو جائے گا۔
اس متنازع انٹرنیٹ قانون کے تحت روس کی انٹرنیٹ ٹریفک کو عالمی سرور سے علیحدہ کر دیا جائے گا، تاہم روسی وزارت مواصلات نے اس بات کی تردید کی ہے کہ روسی انٹرنیٹ کو دنیا سے الگ کیا جا رہا ہے اور اس ٹیسٹ سے عام صارفین پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈپٹی منسٹر مواصلات ایلکس سوکولو کا کہنا ہے ’اس ٹیسٹ کا مقصد روس میں انٹرنیٹ سروسز کو کسی ناگہانی صورتحال میں بحال رکھنا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ہمارا کام اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ انٹرنیٹ سروسز بحال رہیں اور اس ٹیسٹ کا مقصد بھی یہی ہے۔
روس کے سرکاری ٹی وی چینل روسیا 24 کے مطابق حکام گزشتہ دو ہفتوں سے تجربے کر رہے ہیں جس کے نتائج کا اعلان پیر کو کیا گیا۔
روس کا انٹرنیٹ قانون جس پر صدر ولادیمیر پوٹن نے دستخط کیے تھے، روس میں انٹرنیٹ مہیا کرنے والی کمپنی کو ہدایت دیتا ہے کہ ڈیٹا ٹریفک کو سنٹرلائزڈ کرنے کے لیے حکومت کی طرف سے دیے گئے آلات استعمال کریں۔
روسی صدر نے اپنی سالانہ نیوز کانفرنس میں نئے انٹرنیٹ قانون کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’حکومت انٹرنیٹ بند نہیں کرنے جا رہی، بلکہ آزاد اور خودمختار انٹرنیٹ میں بہت فرق ہے۔‘
اس سے قبل رواں برس کے آغاز میں روس کی حکومت نے ملک کو عالمی انٹرنیٹ سے عارضی طور پر منقطع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

روسی حکومت کے اس پروگرام کا مقصد غیرملکی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں پر انحصار ختم کرنا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

حکام کی جانب سے کہا گیا تھا کہ روس میں اس وقت عالمی انٹرنیٹ سسٹم کے ذریعے ہی انٹرنیٹ سروسز کو استعمال کیا جاتا ہے البتہ اب روس اپنے ملکی ڈومین سسٹم کا تجربہ کرنے جا رہا ہے۔
روسی حکومت کے اس پروگرام کا مقصد غیرملکی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں پر انحصار ختم کرنا اور روس کو اس حوالے سے خود مختار کرنا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ سائبر حملے سے بھی تحفظ مل سکے۔
اس تجربے کے دوران روس انٹرنیٹ نے اپنے ڈومین نیم سسٹم (ڈی این ایس)، ویب ڈومین ڈائریکٹری اور ایڈریسز پر انحصار کرنے کا اعلان کیا تھا۔

شیئر: