دورے کے دوران ضوابط اور ہدایات کے علاوہ صحت اصولوں کی پابندی کا بھی جائزہ لیا گیا (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب کے شہر بیشہ میں میونسپلٹی نے متعدد خلاف ورزیوں پر 23 دکانیں سر بمہر کر دیں جبکہ 11 دکانداروں کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق بیشہ کمشنری کی میونسپلٹی نے شہر بھر کی دکانوں کا تفتیشی دورہ کر کے ضوابط اور ہدایات کی پابندی کا جائزہ لیا ہے۔
کمشنری کے سربراہ ابراہیم القرنی نے کہا ہے کہ ’تفتیشی ٹیموں نے مرکز القوبا میں 21، مرکز البہیم میں 19 اور قریہ الحجیرات میں 11 دکانوں کو تنبیہ کی ہے۔‘
تفتیشی دورے کے دوران اقامہ ولیبر کی خلاف ورزیاں کرنے والے تارکین بھی گرفتار ہوئے ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
انہوں نے کہا ہے کہ ’دورے کے دوران ضوابط اور ہدایات کے علاوہ صحت اصولوں کی پابندی کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔‘
انہوں نے بتایا ہے کہ ’صحت اصولوں کے علاوہ سٹوریج کی خلاف ورزی پر کھانا پینا فروخت کرنے والی 23 دکانوں، کیفے ٹیریاز اور ریستورانوں کو سر بمہر کردیا ہے۔‘
ابراہیم القرنی نے کہا ہے کہ ’تفتیشی دورے کے دوران اقامہ ولیبر کی خلاف ورزیاں کرنے والے تارکین بھی گرفتار ہوئے ہیں جنہیں محکمہ پاسپورٹ کے حوالے کیا گیا ہے۔‘