وہی نرخ رہیں گے جو دسمبر 2019 میں متعین ہیں۔ فوٹو: ٹوئٹر
متحدہ عرب امارات نے یکم جنوری 2020 سے پٹرول اور ڈیزل کے نئے نرخ مقرر کردیے۔ سپر 98 اور خصوصی 95 پٹرول کے نرخ جنوری 2020 میں بھی وہی رہیں گے جو دسمبر 2019 میں متعین ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ایک کمیٹی اس کام پر مامور ہے کہ وہ ہر ماہ پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں کا جائزہ لے کر اگلے مہینے کے نرخ جاری کرتی ہے۔
کمیٹی کے مطابق نئے نرخ 5 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے ساتھ وہی رہیں گے جو دسمبرکے دوران نافذ العمل تھے۔
سپر 98 پٹرول جنوری کے دوران 2.24 درہم فی لٹر میں مہیا ہوگا۔ ماہ رواں دسمبر میں بھی اس کے نرخ یہی ہیں۔ خصوصی 95 پٹرول 2.12 درہم فی لٹرملے گا۔ دسمبر میں بھی اس کی قیمت یہی ہے۔
ڈیزل کے نرخوں میں جنوری 2020 میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ موجودہ نرخ 2.38 درہم فی لٹر ہیں۔ جنوری میں بھی نرخ یہی رہیں گے۔
یاد رہے کہ وزارت توانائی و صنعت ہر ماہ کے حوالے سے پٹرول اور ڈیزل کے نرخ متعین کرتی ہے۔ یہ فیصلہ پٹرول اور ڈیزل کے بین الاقوامی منڈی کے نرخوں کے تناظر میں کیا جاتا ہے۔
اگر عالمی منڈی میں ان کے نرخ بڑھتے ہیں تو اندرون ملک بھی نرخ بڑھا دیے جاتے ہیں۔ اگر عالمی منڈی میں ان کے نرخ گرتے ہیں تو اندرون ملک بھی پٹرول کے نرخ کم کردیے جاتے ہیں۔