سعودی عرب کے مقامات پر مبنی کتاب 7 زبانوں پر مشتمل ہے ۔ فوٹو ۔ سبق نیوز
شاہ عبدالعزیز عوامی لائبریری کیجانب سے سعودی عرب کے مختلف مقامات پر مبنی تصویری کتاب شائع کر دی گئی ہے ۔ تصویری معلوماتی کتاب میں 225 اہم تاریخی اور منفرد مقامات کی خوبصورت تصویروں کا انتخاب کیا گیا ہے ۔
کتاب 7 زبانوں میں ہے جن میں عربی ، انگلش ، فرنچ ، اسپینش ، جرمن ، روسی اور چینی شامل ہیں ۔ تصویری کتاب کے مزید زبانوں میں ترجمے بھی کیے جائیں گے ۔
ربی نیوز ویب سائٹ ' سبق' کے مطابق مذکورہ کتاب ' مملکت کا انسائیکوپیڈیا ' شمار کی جارہی ہے ۔ کتاب میں ہر تصویر کے نیچے اس کا کیپشن بھی دیا گیا ہے تاکہ قاری کو تصویر کے بارے میں مکمل اور جامع معلومات حاصل ہو سکیں ۔
کتاب میں سعودی عرب کے مختلف مقامات ، شہروں ، قصبوں کی عکاسی خوبصورت انداز میں کی گئی ہے ۔کتاب کا آغاز حرم مکی الشریف سے کیا گیا ہے جہاں آب زم زم کے کنویں کی قدیم تصاویر کے علاوہ ' حجر اسود' کا مقام اور حرم شریف کے توسیعی منصوبوں کو مرحلہ وار تصویری شکل میں پیش کیا گیا ہے ۔
معلوماتی کتاب میں مدینہ منورہ کے مختلف مقامات کی تصاویر کے علاوہ الجوف ریجن میں قدیم شہر تاریخی شہر ' دومہ الجندل ' کی اہم اور قدیم تصاویر بھی شامل کی گئی ہیں ۔
تصویری انسائیکوپیڈیا میں سعودی عرب میں پائے جانے والے چرند پرند ، حیوانات اور عہد رفتہ میں استعمال ہونے والے ملبوسات کے علاوہ قدیم تہذیب و تمدن کی بھی خوبصورت عکاسی کی گئی ہے ۔
سعودی عرب کے جغرافیے کو بھی تصاویر سے بیان کیا گیا ہے ،مختلف وادیوں ، صحرائوں اور معروف پہاڑوں کی خوبصورت تصویروں کو اس کتاب میں اکھٹا کیا گیا ہے ۔
قدیم اورتاریخی قصور ( محلات ) جن میں ' قصر المربع ' ، "قصر الامارہ التاریخی " قصر البدیعہ " قصر شاہ عبدالعزیز " کے علاوہ مدائن صالح اور قوم الاخدود کا تاریخی گائوں بھی شامل ہے ۔