ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ کے والد نے کہا ہے کہ خدا ان کی بیٹی کو ہدایت دے اوران کو حریم شاہ سے دوبارہ فضا حسین بنا دے۔
حریم شاہ نے اپنے والد کی ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کی ہے جس میں انہیں روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ان کے والد ضرار شاہ کا کہنا ہے کہ ’میں اللہ کے نیک بندوں سے دعا کا طلب گار ہوں کہ وہ حریم شاہ کو پھر سے فضا حسین بنائے، اور میں اللہ کی رحمت سے نا امید نہیں ہوں۔‘
مزید پڑھیں
-
ٹک ٹاک سٹار کو اجازت کس نے دی؟Node ID: 439551
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ان لوگوں سے معافی کے خواستگار ہیں جن کی عزت پرحریم شاہ کی وجہ سے ’حرف‘ آیا۔
حریم شاہ نے ٹوئٹر پر اپنے والد کی ویڈیو کے ساتھ لکھا ہے ’میرے والد کا پیغام، میری میڈیا اور لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ ان معاملات میں میرے خاندان کو شامل نہ کریں اور نہ ہی میری معلومات شیئر کریں۔‘
حریم شاہ کی اس ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا پر ایک مرتبہ پھر سے گرما گرم بحث جاری ہے۔ کچھ لوگ اس ویڈیو پر حریم شاہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور کچھ انہیں نصیحتی پیغامات دے رہے ہیں۔
محمد عرفان نامی ٹوئٹر صارف نے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے ’ایک تھی ٹک ٹاک گرل رہ جاو گی۔‘
خٹک نعمان ناز خان نے لکھا ہے کہ ’میرے خیال سے کئی غلطیاں ہوئی ہیں آپ سے۔‘
ٹک سٹار حریم شاہ اور ان کی دوست صندل خٹک آئے روز میڈیا کی خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں۔
حالیہ دنوں انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں اور ان کی دوست کو وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید پر ذاتی نوعیت کے الزامات لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم شیخ رشید کی طرف سے اس ویڈیو پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔
اس سے قبل ٹک ٹاک ویڈیو میں انہیں وزارت خارجہ کے دفتر کے کانفرنس ہال میں گھومتے دیکھا گیا۔
اس ویڈیو نے دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کردیا تھا اور ٹوئٹر پر حریم شاہ کے ہیش ٹیگ سے ٹرینڈ بھی چل پڑا تھا۔
اس کے علاوہ دونوں ٹک ٹاک سٹارز کی ویڈیو اور تصاویر پنجاب کے صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کے ساتھ بھی سامنے آئی تھیں۔
