Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شینگن ویزہ رکھنے والوں کیلئے آن آریول ویزہ سہولت کا آغاز  

آن ارائیول ویزے سے مملکت کی سیاحت کو فرو غ ملے گا۔ فوٹو ، عاجل
سیاحت و قومی ورثے کے جنرل اتھارٹی نے شینگن ویزہ رکھنے والوں کو سعودی عرب میں ایئر پورٹ پر ہی انٹری ویزہ دینے کے فیصلے پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے ۔
سعودی عرب کے تمام ہوائی اڈوں پر اس حوالے سے خصوصی کائونٹرز قائم کرتے ہوئے عملے کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ یورپی ممالک یا امریکہ و برطانیہ کے ویزہ ہولڈرز کو مملکت آنے پر فوری سیاحتی ویزہ جاری کیا جائے ۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ( ایس پی اے ) کے مطابق  مملکت میں سیاحت کے فروغ کے لیے عالمی سیاحتی قواعد کے مطابق ویزہ پالیسی کا اعلان کیا گیا تھا جس میں وہ افراد جن کے پاس  یورپی یونین کا مشترکہ ویزہ ( شینگن )  اور امریکہ یابرطانیہ کا ویزہ ہو انہیں سعودی عرب آنے کے لیے ایئر پورٹس یا دیگر بری سرحدی چوکیوں پر ہی ویزہ جاری کیاجائے ۔

  ہوائی اڈوں پر آن آرائیول ویزے کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ۔ فوٹو ، عاجل 

بل ازیں ویزے کے حوالے سے سعودی عرب میں کام کرنے والی تمام فضائی کمپنیوں کو بھی ہدایت کی گئی تھی کہ وہ مذکورہ بالا افراد کو سعودی عرب آنے کے لیے ایئر لائن کی کنفرمیشن جاری کریں ۔
آن ارائیول ویزہ کے حوالے سے قومی سیاحتی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مملکت میں سیاحت کے فروغ کے لیے ویزہ پالیسی میں تبدیلی کی گئی ہے ۔ نئی پالیسی پر فوری طور پر عمل درآمد کرنے کے لیے تمام متعلقہ  اداروں کو احکامات جاری کیے جاچکے ہیں تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 
دریں اثناء سبق نیوز کے مطابق قومی سیاحتی اتھارٹی  کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاحت کے فروغ کے لیے مملکت کی سطح پر جامع کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے ذمے ویزہ کے اجراء میں آسانی پیدا کرنا ہے ۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ شینگن اور امریکہ یا برطانیہ کا ویزہ رکھنے والوں کے لیے اب پہلے سے آن لائن ویزہ لینے کی ضرورت نہیں ہو گی وہ جب بھی چاہیں مملکت آسکتے ہیں جہاں انہیں ایئر پورٹ سے ہی مملکت کا ویزہ جاری کر دیاجائے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ آن آرائیول ویز ہ پالیسی سے قومی سیاحت کو مزید فروغ ملے گا ۔ اس بارے میں قومی سیاحتی کمیٹی کی جانب سے مزید بہتراقدامات کا سلسلہ جاری ہے ۔
واضح رہے قبل ازیں سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری سرکلر میں تمام فضائی کمپنیوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ سعودی عرب میں سیاحت کے فروغ کے لیے جامع پالیسی مرتب کی جا چکی ہے جس کے لیے کسی بھی ملک سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد جن کے پاس یورپی یونین یا امریکہ و برطانیہ کا ویزہ ہو انہیں مملکت آنے سے نہ روکا جائے ۔ 
مذکورہ ویزہ کے حامل افراد کے لیے یہ شرط لازمی ہے کہ انہوں نے یورپی یونین یا امریکہ و برطانیہ کا ویزہ استعمال کیا ہوا۔ 

شیئر: