سلطان قابوس کی وفات پر شاہ سلمان اور ولی عہد کی تعزیت
سلطان قابوس کی وفات پر شاہ سلمان اور ولی عہد کی تعزیت
ہفتہ 11 جنوری 2020 17:18
’سلطان قابوس کی اپنے ملک اور قوم اور مسلم امہ کے لیے خدمات یاد گار رہیں گی‘ (فوٹو: سبق)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے عمان کے سلطان قابوس بن سعید کی وفات پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے عمانی حکومت، شاہی خاندان اور عوام سے تعزیت کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی ایوان شاہی نے فرمان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کوالمناک خبر موصول ہوئی کہ سلطان عمان قابوس بن سعید انتقال کرگئے ہیں۔
فرمان کے مطابق شاہ سلمان اور ولی عہد نے اس خبر پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے متوفی کے درجات کی بلندی اور جنت الفردوس کی دعا کی ہے۔
شاہ سلمان اور ولی عہد نے سلطنت عمان سمیت امت مسلمہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’سلطان قابوس بن سعید جدید عمان کے بانی تھے۔ ان کی اپنے ملک و قوم اور مسلم امہ کے لیے خدمات یاد گار رہیں گی‘۔
شاہ سلمان نے کہا ہے کہ ’سعودی حکومت اور عوام اپنے عمانی بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ عمانی شاہی خاندان سمیت عوام کو صبر وہمت عطا کرے اور عمان میں امن و سلامتی برقرار رکھے‘۔
دوسری طرف سلطان عمان قابوس بن سعید کی وفات پر امارات، بحرین، کویت، اردن اور مصر میں تین دن سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق امارات نے تین دن سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اماراتی پرچم اس عرصے کے دوران سرنگوں ہوگا۔
اسی طرح کویت نے بھی اتوار سے تین دن تک سوگ کا اعلان کرتے ہوئے قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا کہا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں