راجندرا کو گذشتہ سال گلمرگ کی برف پوش چوٹیوں پر تعینات کیا گیا تھا (فوٹو: اے این آئی)
آپ نے یہ تو سنا ہوگا کہ کوئی غسل خانے میں نہاتے ہوئے پھسل گیا یا کوئی بارش میں سلپ ہو گیا، لیکن کیا آپ نے کبھی یہ سنا ہے کہ کوئی شخص ایک ملک میں پھسل کر دوسرے ملک جا پہنچا ہو؟
کچھ ایسا ہی انڈین آرمی کے ایک فوجی کے ساتھ بھی ہوا ہے جو ڈیوٹی کے دوران برف پر پھسل کر پاکستان کی حدود میں آ گرے۔
انڈین نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق حوالدار راجندرا سنگھ کی اہلیہ راجشواری نے بتایا کہ انہیں آٹھ جنوری کو شوہر کے یونٹ سے فون آیا اور ان کی گمشدگی کے بارے میں بتایا گیا۔
بعد ازاں معلوم ہوا کہ راجندرا ڈیوٹی کے دوران برف پر پھسل کر پاکستان کی حدود میں چلے گئے جس پر ان کے اہل خانہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کو بحفاظت واپس لایا جائے۔
پاکستانی حکام کی جانب سے انڈین فوجی کے پھسل کر پاکستان آ جانے کے بارے میں ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
راجندرا سنگھ ڈیرہ دھون کے رہنے والے ہیں اور انہوں نے 2002 میں گیارہ گرہوال رائفل رجمنٹ میں شمولیت اختیار کی تھی۔
اے این آئی کے مطابق راجندرا کو گذشتہ سال نومبر میں گلمرگ کی برف پوش چوٹیوں پر تعینات کیا گیا تھا۔