Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین ایئر فورس کے ونگ کمانڈر کو وزیر داخلہ بننا مہنگا پڑ گیا

ونگ کمانڈر اپنے دوست کو میڈیکل یونیورسٹی کا وائس چانسلر تعینات کروانا چاہتے تھے۔ فوٹو: این ڈی ٹی وی
انڈین سکیورٹی فورسز نے ریاست مدھیا پردیش میں ایئر فورس کے ایک ونگ کمانڈر کو گرفتار کیا ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے وزیر داخلہ امیت شاہ بن کر گورنر کو فون کیا تاکہ اپنے دوست کو میڈیکل یونیورسٹی کا وائس چانسلر تعینات کروا سکیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ برس انڈین ایئرفورس کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن کا جنگی طیارہ پاکستان پر حملے کے دوران تباہ ہو گیا تھا اور وہ پاکستان میں پکڑے گئے تھے، تاہم پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر انہیں رہا کر کے انڈیا بھیج دیا تھا۔

 

انڈین نیوز چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق انڈین ایئرفورس کے ہیڈ کوارٹر میں تعینات ونگ کمانڈر کلدیپ باگھیلا کو سپیشل ٹاسک فورس نے ان کے ایک دانتوں کے ڈاکٹر دوست چندریش کمار شوکلا کے ساتھ گرفتار کیا ہے جنہوں نے فون پر امیت شاہ کا پرسنل اسسٹنٹ بن کر ونگ کمانڈر کی گورنر سے بات کروائی تھی۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیشل ٹاسک فورس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اشوک اواستھی نے بتایا کہ ونگ کمانڈر کلدیپ پی اے کا کردار ادا کرنے والے اپنے دوست شوکلا کو مدھیا پردیش میڈیکل سائنس یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے پر تعینات کروانا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے انڈین ایئر فورس کے ونگ کمانڈر کلدیپ بھاگیلا کو وزیر داخلہ امیت شاہ بن کر گورنر کو فون کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔‘

’ونگ کمانڈر کلدیپ باگھیلا مدھیا پردیش کے سابق گورنر رمنا ریش کے اے ڈی سی رہ چکے ہیں‘ (فوٹو: سوشل میڈیا)

ڈی جی سپیشل ٹاسک فورس کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ونگ کمانڈر مدھیا پردیش کے سابق گورنر رمنا ریش کے اے ڈی سی رہ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شوکلا نے ونگ کمانڈر سے خواہش کا اظہار کیا کہ اگر کوئی سینئر لیڈر گورنر کو فون کرے تو وہ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر بن سکتے ہیں۔
’بعد ازاں دونوں نے مل کر سازش تیار کی اور گورنر کو کال کر دی۔ شکلا نے امیت شاہ بننے کی ایکٹنگ کی جبکہ ان کے ڈینٹسٹ دوست نے ان کا پی اے بن کر ونگ کمانڈر کی بات کروائی۔‘
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: