آئندہ ہفتے کے وسط تک سردی کی شدید لہر جاری رہے گی۔ فوٹو :عاجل
سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت منفی تک پہنچ گیا ۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے کے وسط تک سردی کی شدید لہر جاری رہے گی۔
کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی جدہ میں موسمیات کے مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر منصور بن عطیہ المرزوعی کے مطابق شمالی سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت منفی تک پہنچ گیا جبکہ کئی علاقوں میں منفی کے قریب ہے۔ شمالی علاقہ جات میں برفباری ہورہی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹرمنصور بن عطیہ المرزوعی کا کہناہے’ سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی کی لہر آئی ہوئی ہے۔ مملکت کے شمالی علاقے خاص طور پر سردی کی لہر کی لپیٹ میں ہیں‘۔
مدینہ منورہ، قصیم اور ریاض تک شدید سردی کی لہر ہے۔ مشرقی ریجن اور جنوبی علاقوں کا بھی یہی حال ہے۔
ڈاکٹرمنصور بن عطی المرزوعی نے مزید کہا’ شدید سردی کی لہر آئندہ ہفتے کے وسط تک جاری رہے گی۔مملکت کے بعض شمالی علاقو ں میں آئندہ ایام کے دوران زبردست برفباری ہوگی جس سے مشرق وسطیٰ کے مشرقی علاقے متاثر ہوں گے۔ کہیں کہیں بارش بھی ہوگی‘۔
ڈاکٹرالمزروعی نے کا کہنا تھا’ مکہ مکرمہ ریجن خصوصاً جدہ میں سردی کی لہر بدھ سے جمعہ تک انتہا کو پہنچ جائے گی۔ صبح سویرے جدہ کا درجہ حرارت 10 سینٹی گریڈ یا اس سے کم ہوگا۔ طائف جیسے پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت منفی تک پہنچ جائے گا بتدریج درجہ حرارت بحال ہونے لگے گا۔ بحالی کا سلسلہ ہفتے سے شروع ہوگا۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ موسمیات نے منگل کو اعلامیہ جاری کرکے توقع ظاہر کی کہ حقل میں برفباری کا قوی امکان ہے۔شام پانچ بجے سے صبح آٹھ بجے تک برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا۔
جمعے سے مملکت بھر میں موسم غیر متوقع رہنے کی توقع ہے۔