سردی کی شدید لہر آئندہ بدھ تک جاری رہے گی۔ فوٹو: سوشل میڈیا
سعودی عرب میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔ حدود شمالیہ ریجن کے طریف اور عرعر مقامات پر درجہ حرارت منفی ڈگری تک پہنچا ہوا ہے۔
قصیم ، الشرقیہ ، ریاض، مدینہ منورہ، مکہ مکرمہ اور نجران بھی سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ حدود شمالیہ کے بعد سب سے زیادہ سردی مشرقی ریجن میں ریکارڈ کی جارہی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق سردی کی شدید لہر سے الشرقیہ میں سبزیوں کے نرخ 50تا100فیصد تک بڑھ گئے ہیں۔
گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں اس ہفتے سبزیوں کی قیمتوں میں زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
سبزی منڈی سے لین دین کرنے والوں کا کہناہے کہ سبزیاں مہنگی ہونے کی بنیادی وجہ سردی کی شدید لہر ہے۔ ان دنوں مشرقی ریجن سردی کی لپیٹ میں ہے۔
مقامی سبزی فروش علی المرزوق کے مطابق’ کھیرے کا ڈھائی کلو کا کارٹن چار ریال میں فروخت ہورہا تھا۔ اب اس کی قیمت بڑھ کر آٹھ ریال ہو گئی ہے۔
’ٹماٹر کا پانچ کلو کا کارٹن پانچ ریال سے بھی کم میں دستیاب تھا۔ اب اس کی قیمت دس ریال ہے‘۔
دریں اثناءعاجل ویب سائٹ نے ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی کے حوالے سے بتایا ’ سردی کی شدید لہر آئندہ بدھ تک جاری رہے گی۔ منگل کو سردی کی شدت میں تین سے پانچ ڈگری تک کمی واقع ہوگی تاہم رات اور صبح کے وقت سردی شدید رہے گی‘۔
ایک او رماہر موسمیات خالد الزعاق نے سعودی شہریوں او رمقیم غیر ملکیوں سے کہا ’ وہ ان دنوں سردی سے بچاﺅ کے لیے گرم ملبوسات کا استعمال کریں۔ خصوصاً پیر اور منگل کو اس کا زیادہ اہتمام رکھیں‘۔