Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شدید سردی کے باعث ’اونٹوں کی ناک سے خون بہنے لگا‘

دو ہفتے بعد سرد موسم کی شدت میں بتدریج کمی کی توقع ہے، فوٹو: اخبار 24
عرب فیڈریشن برائے خلائی سائنس اور فلکیات کے رکن ڈاکٹر خالد الزعاق کے مطابق ’سعودی عرب میں آئندہ دو ہفتوں کے بعد موسم سرما کی شدت میں بتدریج کمی کی توقع ہے۔‘
ڈاکٹر خالد الزعاق نے رواں ہفتے کو اس سال کا سرد ترین ہفتہ قرار دیتے ہوئے ٹویٹ کی کہ ’گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے شمالی حدود کے علاقے 'حزم الگلامیٹ' میں درجہ حرارت منفی چار ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔‘
واضح رہے کہ حزم الگلامیٹ قصبہ سعودی عرب کی شمالی سمت میں واقع ہے۔ یہ قصبہ 'عرعر' شہر جو کہ شمالی حدود کے مرکزی شہر سے 100 کلو میٹر مغرب کی سمت میں ہے جبکہ طریف کمشنری سے 'حزم الگلامیٹ' گاﺅں 140 کلو میٹر دور ہے۔

طریف کمشنری میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، فوٹو: ٹوئٹر

ماہر فلکیات کے مطابق طریف کمشنری میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ رواں ہفتے بھی سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔
دریں اثناء اخبار 24 کے مطابق ’محکمہ موسمیات و ماحولیات کی جانب سے جاری چارٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران قصیم میں درجہ حرار ت پانچ ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ الجوف کمشنری میں درجہ حرارت صفر ڈگری تھا۔‘
دوسری جانب ہفتے کو ملک کے شاملی علاقوں میں سردی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اونٹ بھی سرد موسم سے متاثر ہو گئے ہیں۔ شدید سردی میں اونٹوں کی ناک سے خون بہنے لگا ہے۔
دوسری وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ باڑے میں رکھے گئے ڈرم میں پانی جم جانے کے باعث اونٹوں کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ سڑک پر بہنے والا پانی بھی سرد موسم کے باعث جم گیا ہے۔

شیئر: