غیر ملکی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے مالکان کو 3 ماہ کی مہلت
غیر ملکی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے مالکان کو 3 ماہ کی مہلت
جمعرات 30 جنوری 2020 15:14
بیرون ملک سے لائی جا نیوالی گاڑیوں کی عارضی رجسٹریشن کی جاتی ہے (فوٹو: عاجل نیوز)
سعودی ٹریفک پولیس غیر ملکی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے مالکان کو تین ماہ کی مہلت دی ہے۔
ادارہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ غیر ملکی نمبر پلیٹ پر زیادہ سے زیادہ چھ ماہ تک کے لیے سعودی عرب میں گاڑی استعمال کی جاسکتی ہے۔
مقررہ مدت گزرنے کے بعد لازمی ہے کہ یا تو گاڑیاں واپس لے جائیں یا ان کی رجسٹریشن سعودی ٹریفک پولیس کے ادارے میں کرائی جائے۔ سعودی خبررساں ایجنسی ' ایس پی اے ' کے مطابق بیرون سعودی عرب سے لائی جانے والی گاڑیوں کی رجسٹریشن محدود مدت کے لیے کی جاتی ہے۔
گاڑیوں کی رجسٹریشن اور نمبر پلیٹوں کی تبدیلی کے لیے ٹریفک پولیس نے 12 شہرجن میں ریاض، جدہ، طائف، القریات کمشنری، الجوف ریجن، نجران، جازان، تبوک، مدینہ منورہ، حدود الشمالیہ، عسیر، قصیم، مشرقی ریجن، دمام، حفرالباطن کمشنری، الاحساء اور الخفجی کمشنری میں خصوصی ڈیسک قائم کیے ہیں جہاں بیرون ملک کی گاڑیوں کی رجسٹریشن کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تین ماہ کی مدت گرزنے کے بعد ایسی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف فوری چالان کیا جائے گا۔ ادارہ ٹریفک کی جانب سے دی گئی مہلت کے دوران کسی قسم کا جرمانہ نہیں۔
واضح رہے سعودی عرب میں بیرون ملک سے گاڑیاں درآمد کی جاتی ہیں جن میں سے اکثر خلیجی ریاستوں کی ہوتی ہیں جبکہ امریکہ سے بھی کئی لوگ گاڑیاں درآمد کرتے ہیں۔
ادارہ ٹریفک کی جانب سے بیرون مملکت سے لائی جانے والی گاڑیوں کے لیے 6 ماہ کی عارضی رجسٹریشن کی جاتی ہے۔ مقررہ مدت سے زیادہ گاڑی رکھنا خلاف قانون شمار کیا جاتا ہے اس ضمن میں ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون شکنی سے بچنے کے لیے دی گئی تین ماہ کی مہلت کا خاص خیال رکھا جائے۔