Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انہوں نے میری فلم کی ریٹنگ بدلی ہے، میرا من نہیں بدلا‘

فلم چھپاک دیپکا پاڈوکون کی بطور پروڈیوسر پہلی فلم ہے، (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ سٹار دیپکا پاڈوکون کی جانب سے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے طلبہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے بعد ان کی فلم چھپاک کی ریٹنگ کم ہو گئی تھی۔
فلم کی رینٹنگ کے بارے میں اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بالی وڈ اداکارہ دیپکا پاڈوکون کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے میری آئی ایم بی ڈی ریٹنگ بدلی ہے، میرا من نہیں بدلا۔‘
انڈین ویب سائٹ مڈ ڈے کے مطابق فلم کی موجودہ ریٹنگ 4.6 پر آ گئی ہے۔  
ان کا یہ بیان ان کی فلم کے ڈائیلاگ سے ملتا جلتا ہے۔
فلم کا ڈائیلاگ تھا ’انہوں نے میری صورت بدلی ہے، میرا من نہیں بدلا۔‘
آئی ایم بی ڈی فلموں، ٹی وی پروگراموں اور آن لائن سٹریم کا ایک ڈیٹا بیس ہے جو نہ صرف ریٹنگ دیتا ہے بلکہ تنقیدی جائزہ بھی پیش کرتا ہے۔
ٹوئٹر پر اس انٹرویو کے شیئر ہونے کے بعد کچھ صارفین نے ان کے جواب کو سراہا اور کچھ نے ان پر تنقید بھی کی۔
شوام نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’آپ نے فلم کے لیے صحیح مضمون کا انتخاب کیا لیکن اگر آپ سیاست نہ کرتیں تو یہ ایک کامیاب فلم ہوتی۔‘
آشو نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’چھپاک میں آپ نے کیا خوب کارکردگی دکھائی۔‘
جواہر لعل نہرو کے طلبہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے بعد بالی وڈ اداکارہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔
ٹوئٹر پر ان کی فلم کے خلاف ہیش ٹیگ بھی چلایا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ’ دیپکا پاڈوکون کی فلم چھپاک کا بائیکاٹ کیا جائے۔‘

طلبہ کے ساتھ اظہار یکجہتی پر دیپکا پاڈوکون کو تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا، (فوٹو:سوشل میڈیا)

واضح رہے کہ فلم ’چھپاک‘ کی کہانی تیزاب سے متاثرہ ایک لڑکی کے گرد گھومتی ہے۔ 
فلم چھپاک دیپکا پاڈوکون کی بطور پروڈیوسر پہلی فلم ہے۔

شیئر: