ٹریفک خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے والے کیمرے چوری ہوگئے
ٹریفک خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے والے کیمرے چوری ہوگئے
اتوار 2 فروری 2020 12:29
مکہ مکرمہ اور جموم میں متعدد کیمرے چوری کر لیے گئے ہیں ( فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ اور جموم میں ٹریفک خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے والے خود کار آلات اور کیمروں میں توڑ پھوڑ کی گئی جبکہ بعض چوری کر لیے گیے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن پولیس نے کہا ہے کہ ’جموم کمشنری میں عید گاہ کے قریب واقع ساہر سسٹم کے کیمرے میں نامعلوم شخص نے توڑ پھوڑ کی اور پھر اسے اکھاڑ کر لے گیا ہے‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’اسی طرح مکہ مکرمہ کے العزیزیہ محلے میں ایک نا معلوم شخص نے شاہراہوں پر نصب خود کار آلات اور کیمروں کی نگرانی کرنے والی ٹیم کے ایک اہلکار کی گاڑی چوری کرلی ہے‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’اہلکار گاڑی سے اتر کر کیمرہ چیک کر رہا تھا تو ایک شخص اس کی گاڑی میں سوار ہوکر فرار ہو گیا‘۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ’مکہ مکرمہ میں ایک اور واقعہ الخواجات شاہراہ پر ہوا ہے جہاں ایک شخص ساہر سسٹم کا کیمرہ اکھاڑ کر لے گیا‘۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ’تمام کیمروں میں ٹریکر نصب ہے مگر چوری کرنے والے اسے نکالنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ چوری ہونے والے کیمروں کی لوکیشن معلوم نہیں ہو رہی‘۔