Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کا نیا روڈ میپ،پرانے محلوں میں عمارتیں مسمار

جدہ میونسپلٹی نے 64 غیر منظم محلوں کو نئے انداز سے بسانے کا فیصلہ کیا ہےفوٹو: المدینہ اخبار
جدہ میونسپلٹی نے 64 غیر منظم محلوں کو نئے انداز سے بسانے کا فیصلہ کیا ہے ۔شہر کے دو اہم محلوں غلیل اور بترومین میں عمارتوں کے انہدام کا کام شروع کردیاگیا۔ 
پہلے مرحلے میں 83عمارتیں گرائی گئی ہیں۔ ابتدا میں بڑی بڑی سڑکیں بنائی جائیں گی۔
المدینہ اخبار کے مطابق مقامی حکام نے جدہ شہر کے 64غیر منظم محلوں کو نئے انداز سے بسانے کے فیصلے پر دوبارہ عمل درآمد شروع کیا جارہا ہے۔
غلیل اور بترومین محلوں میں ان عمارتوں کے مالکان کے معاوضے ادا کردیے گئے جہاں سے آٹھ بڑی سڑکیں گزریں گی۔یہ عمارتیں نئی سڑکوں کے بننے میں رکاوٹ تھیں۔

غلیل اور بترومین محلوں میں عمارتوں کے مالکان کے معاوضے ادا کردیے گئےفوٹو: المدینہ اخبار

نئی سڑکوں کی بدولت ان محلوں کی شکل بدل جائے گی۔ میئر صالح بن علی الترکی نے یہ کام تیزی سے انجام دینے کی ہدایت دی ہے۔
جدہ میں 64محلے ایسے ہیں جو کچی بستیوں کے دائرے میں آتے ہیں۔ چھ برس قبل میونسپلٹی نے انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کیا تھا مگر اچانک یہ پروگرام معطل ہوگیا تھا۔
تین ماہ قبل میونسپلٹی نے مکانات کو منہدم کرنے اور ملبہ مناسب جگہ منتقل کرنے کے ماہر نئے ٹھیکیدار کو معاملہ سپرد کیا ہے۔یہ کام مکمل ہوتے ہی پورا علاقہ جدید خطوط پر استوار ہوگا۔ نئی سڑکیں بنائی جائیں گی۔ 36 ماہ میں یہ کام مکمل کرلیا جایے گا۔
427عمارتوں کے مالکان نے جدہ میونسپلٹی کو اپنی ملکیت کے کاغذات پیش کیے ہیں۔ ان مالکان کو بتایا گیا تھا کہ آپ کی عمارتیں غلیل اور بترومین محلے کے لیے بنائی جانے والی آٹھ نئی سڑکوں کے دائرے میں آرہی ہیں۔

پہلے مرحلے میں 83عمارتیں گرائی گئی ہیں۔ بڑی سڑکیں بنائی جائیں گی۔فوٹو: المدینہ اخبار

اس پورے منصوبے کے لیے 721عمارتیں منہدم کی جائیں گی۔ جائزے سے پتہ چلا ہے کہ 427عمارتوں میں سے 66 ایسی ہیں جن کے رہائشیوں کے پاس ان کے ملکیتی کاغذات نہیں ہیں۔
48عمارتیں عمارتیں متنازعہ ہیں۔70عمارتوں کے مالکان کے لیے 2019 میں ہی چیک جاری کردیے گئے تھے۔ 142سے زیادہ عمارتوں کے مالکان کو معاوضہ دینے کے لیے قیمتوں کاتخمینہ لگایا جانا تھا۔ یہ کام خصوصی کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے۔
غیر منظم محلوں کی منصوبہ بندی اور انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کا کام وزارت آباد کاری کے تعاون و اشتراک سے انجام دیا جائے گا۔
جدہ میونسپلٹی کے ترجمان محمد البقمی نے بتایا’ جلد ہی ان محلوں کو خوبصورت بنانے کے طریقہ کار کا اعلان کیا جائے گا‘۔

شیئر: