وہیل کو ساحل پر لانے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا (فوٹو: سبق نیوز)
محکمہ آبی حیات کی ٹیم کوسٹ گارڈ کے تعاون سے القنذہ کمشنری کے سمندر سے مردہ وہیل مچھلی کو خشکی پر لانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
مچھلی کا کافی حصہ گل چکا ہے جبکہ کھال اترنے کے باعث بعض مقامات پر ڈھانچہ بھی نمودار ہو گیا ہے۔
وزارت زراعت و پانی کے شعبہ آبی حیات کی ٹیموں کے حوالے سے عربی ویب نیوز ' سبق ' کا کہنا ہے کہ مذکورہ وہیل مچھلی 10 میٹر سے زیادہ لمبی اور کئی ٹن وزنی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی وہیل کو 'فائن وہیل' کہا جاتا ہے جو دنیا بھر کے سمندر میں عام طور پر پائی جاتی ہے۔
محکمہ آبی حیات اور کوسٹ گارڈزنے وہیل کو کھلے سمندر سے خشکی پر لانے کے لیے ہیوی لانچوں میں نصب کرینوں کا بھی استعمال کیا۔ اہلکاروں کا کہنا تھا کہ ساحل کے قریب ہونے کی وجہ سے وہیل کے جسم کو کھینچنا کافی دشوار تھا کیونکہ کم پانی میں لانچوں میں نصب کرین کو کافی قوت صرف کرنا پڑتی ہے تاہم لہروں کی وجہ سے کافی سہولت ہوئی۔
محکمہ آبی حیات کے ذمہ داروں کا مزید کہنا ہے کہ مردہ وہیل کو ساحل پر ہی کہیں دفنا دیا جائے گا، تاکہ علاقے میں بو نہ پھیلے۔
دوسری جانب جیالوجیکل سروے اتھارٹی کا کہنا ہے کہ قومی سیاحتی کمیٹی کے تعاون سے قومی میوزیم میں موجود دیو ہیکل وہیل کے ڈھانچے کو جدہ منتقل کیا جارہا ہے جہاں اسے مزید بہتر کر نے کے بعد جدہ کے نمائش سینٹر میں عوام کے لیے رکھا جائے گا۔