کمشنری کے حنیش ساحل پر شارک پہنچ جانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ فوٹو سبق
سعودی عرب کے ساحلی علاقے تہامہ ریجن کی القنفذہ کمشنری کے ساحل پرخوف و دہشت کی علامت بننے والی شارک کو ہلاک کر دیا گیا۔
ساحل پر شارک کا سنتے ہی وہاں آنے والے لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی تھی۔
عرب ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق القنفذہ کمشنری کی ساحلی پٹی میں تفریح کے لیے آنے والے اس وقت شدید پریشانی کا شکار ہو گئے جب وہاں شارک کی موجودگی کی اطلاع ملی۔
اہل خانہ کے ہمراہ تفریح کے لیے آنے والوں نے شارک کی موجودگی کی اطلاع پاتے ہی وہاں پیراکی کرنے والے بچوں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر پہنچا دیا تاکہ شارک سے کسی طرح کا نقصان نہ پہنچے۔
ساحل پر شارک کی موجودگی کی اطلاع کوسٹ گارڈ کو بھی دی گئی جبکہ محکمہ پانی و زراعت کے ذیلی ادارے برائے تحفظ آبی حیات کی ٹیم کو بھی ساحل پر شارک کے پائے جانے کی خبر پہنچا د ی گئی۔
کوسٹ گارڈ یا دیگر اداروں کی جانب سے امدادی ٹیموں کے پہنچنے سے قبل ہی وہاں موجود لوگوں نے ساحل پر پھنس جانے والی شارک کو ہلاک کر دیا تھا۔
ساحل پر بھٹک کر آجانے والی شارک اتنی بڑی نہیں تھی کہ وہ انسانو ں کے لیے کسی قسم کا خطرہ ثابت ہو تاہم اس کی دہشت سے ہی لوگ کافی خوف زدہ ہو گئے تھے۔
مردہ شارک کو بلدیہ کے اہلکار اٹھا کر لے گئے تھے۔
اس حوالے سے لوگوں کا کہنا تھا کہ محکمہ آبی حیات ساحل پر اس طرح کا انتظام کرے کہ خطرناک مچھلیا ں گہرے پانی میں ہی رہیں اور وہ ساحل کے قریب نہ پہنچ سکیں۔
واضح رہے القنفذہ کمشنری کے حنیش ساحل پر شارک پہنچ جانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ پہلی بار 2011 میں ایک شارک نے پیراکی سیکھنے والے طلباء پر حملہ کر کے ان میں سے چند ایک کو زخمی کر دیا تھا۔
محکمہ پانی و زراعت کی ذیلی کمیٹی برائے آبی حیات کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ آئندہ ساحل پر اس قسم کا واقعہ پیش نہ آئے۔