لیام ڈاسن نے بھی زلمی کو جوائن کرلیا
پشاور زلمی کے کھلاڑیوں نے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا
ڈیرن سیمی کے بعد لیام ڈاسن نے بھی پشاور زلمی سکواڈ کو کراچی میں جوائن کرلیا۔
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے سیزن فائیو کے لیے ٹیم پشاور زلمی کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔ ٹیم نے مسلسل دوسرے روز نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔
وارم اپ اور فٹ بال سیشن کے بعد ہیڈکوچ محمد اکرم کی نگرانی میں کھلاڑیوں نے سٹیڈیم کے پریکٹس ایریا میں ٹارگٹڈ میچ پریکٹس کی۔ بیٹسمینوں اور بولرز نے مقرر کردہ اہداف کے حصول کی پریکٹس کی جو میچز میں معاون ثابت ہوگی۔
انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈر لیام ڈاسن نے بھی کراچی میں پشاور زلمی کے سکواڈ کو جوائن کر لیا اور پریکٹس سیشن کے دوران بیٹنگ کی خوب پریکٹس کی۔
ٹارگٹڈ میچ پریکٹس کے بعد زلمی کے سکواڈ نے آدھا گھنٹہ فیلڈنگ سیشن میں بھی حصہ لیا۔ پشاور زلمی اتوار کو دوپہر ایک سے چار بجے تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پریکٹس کرے گی۔ پریکٹس سے قبل کراچی کے نجی ہوٹل میں پشاور زلمی کا اوپن میڈیا سیشن بھی ہوگا۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے لیے جنوبی افریقہ کے سٹار بیٹسمین ہاشم آملہ پشاور زلمی سے منسلک ہو گئے ہیں۔ پشاور زلمی اعلان کر چکی ہے کہ جنوبی افریقہ کے سٹار بیٹسمین اور زلمی فیملی کا حصہ بن گئے ہیں۔ ہاشم آملہ پاکستان سپر لیگ فائیو میں پشاور زلمی کے بیٹنگ مینٹور کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن 20 فروری سے شروع ہو رہا ہے۔ اس بار تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل فائیو کی افتتاحی تقریب کراچی میں ہوگی جبکہ فائنل 22 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔