ٹرک ڈرائیوروں کو ٹریفک پولیس کا انتباہ
جمعرات 20 فروری 2020 18:56
لوڈنگ والے حصے میں ترپال لگانا ضروری ہے۔ فائل فوٹو
ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹرک اور دیگر لوڈنگ گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ ایسے ٹرک یا لوڈنگ گاڑیاں جن میں مٹی یا ریت لے جائی جا رہی ہوانہیں مناسب انداز میں ڈھکنا ضروری ہے۔ نہ ڈھکنے پر ٹریفک خلاف ورزی شمار ہوگی جس پر چالان 500 سے 900 ریال تک کیا جاسکتا ہے۔
ٹریفک پولیس نے اپنے ٹوئٹراکاﺅنٹ پر مذکورہ خلاف ورزی کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ ایسے ٹرک یا گاڑیوں کو پولیس تحویل میں بھی لیا جاسکتا ہے جو مذکورہ خلاف ورزی کی مرتکب پائی جائیں گی۔
ٹریفک پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ لوڈنگ گاڑیوں میں سامان منتقل کرنے کے قواعد مقرر ہیں۔ اس کی خلاف ورزی پر سخت سزائیں مقرر کی گئی ہیں۔
لوڈنگ گاڑیو ں کے لیے مقرر کیے جانے والے قواعد کا مقصد شہریوں او رمقیم غیر ملکیوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ خاص طور پر ایسی لوڈنگ گاڑیاں جن میں بجری، ریت یا پتھر منتقل کیے جاتے ہیں اس کی وجہ سے اکثر ٹریفک حادثات بھی رونما ہوتے ہیں۔
گاڑی کے لوڈنگ والے حصے میں مقررہ مقدار سے زیادہ اشیا رکھنا بھی ٹریفک خلاف ورزی شمار ہوتی ہے۔ خاص طور پر ایسی لوڈنگ گاڑیاں جن میں بجری، مٹی اور پتھر منتقل کیے جاتے ہیں ان ڈرائیوروں کو انتہا ئی احتیاط سے کام لینا چاہئے کیونکہ لوڈنگ کے حصے پر ترپال نہ لگانے کی صورت میں اڑنے والی مٹی یا پتھر سے پیچھے آنے والی گاڑیوں کو خطرات کا سامنا رہتا ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ریت یا مٹی منتقل کرنے والے ٹرکوں کے ڈرائیوروں کو چاہیے کہ وہ مقررہ معیار کی ترپال سے عقبی حصے کو اس طرح ڈھانپیں کہ مٹی اور پتھر ہوا سے سڑک پر نہ پھیلیں۔
دوسری جانب ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف شہروں میں ہیوی ٹریفک کے لیے اوقات مقرر ہیں۔ جن کی خلاف ورزی بھی قانون شکنی تصورکی جاتی ہے۔ اس ضمن میں ادارہ ٹریفک کی جانب سے ڈرائیوروں کو خاص طور پر متنبہ کیا گیا ہے کہ شاہراہوں پر ہیوی وہیکلز کے اوقات کار کو مدنظر رکھیں۔
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں