سعودی خاتون کے یہاں 4 بچوں کی ولادت
جمعرات 20 فروری 2020 20:35
نومولود بچوں کا وزن 1600سے 2000 گرام تک ہے (فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے مشرقی ریجن دمام میں ایک خاتون کے یہاں چار بچوں کی ولادت ہوئی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق تمام بچے اور ماں صحت مند ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق دمام کے میٹرنٹی ہسپتال میں 28 سالہ سعودی حاملہ خاتون کو لایا گیا جن کے یہاں دوسری بار ولادت متوقع تھی۔ ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالوہاب الجباری نے بتایا کہ خاتون کے یہاں چار بچوں کی ولادت ہوئی ہے جن میں ایک لڑکی اور تین لڑکے شامل ہیں۔
ڈاکٹرالجباری کے مطابق نومولود بچوں کو ہسپتال کے انکیوبیٹر میں کچھ دیر کے لیے رکھا گیا تھا تاکہ نظام تنفس معمول پر آ جائے۔
ڈاکٹر الجباری کا کہنا تھا کہ بچوں کا نظام تنفس بحال ہونے کے بعد انہیں عام وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔ بچوں کا وزن 1600سے 2000 گرام تک ہے۔ تمام نومولود بچوں کی حالت تسلی بخش ہے۔
بچوں کے والد نے ہسپتال اور عملے سے مبارک باد وصول کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس خوشی کے موقع پرسعودی شہری نے ہسپتال میں مٹھائی تقسیم کی۔
بچوں کے والد کا کہنا ہے کہ بچوں کا نام رکھنے کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔ خاندان سے مشورہ کرنے کے بعد بچوں کے نام رکھے جائیں گے۔
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں