Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس: ایشیا کی فضائی کمپنیوں کو 27 ارب ڈالر کا نقصان

متاثر ہونے والی فضائی کمپنیوں میں سے بیشتر کا تعلق چین سے ہے (فوٹو:اےا یف پی)
ایشیا کی فضائی کمپنیوں کو کورونا وائرس کے باعث 27 ارب ڈالر سے زیاد نقصان کا خدشہ ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق متاثر ہونے والی فضائی کمپنیوں میں سے بیشتر کا تعلق چین سے ہے۔
انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) نے ابتدائی نقصانات کا اندازہ لگاتے ہوئے رپورٹ شائع کی ہے جس کے تحت چین کی اندرون ملک چلنے والی ہوائی کمپنیوں کو 12.8 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔
آئی اے ٹی اے کے اندازے کے مطابق لوگوں کی آمدورفت میں کمی کے باعث چین کی فضائی کمپنیوں کے آپریشنز میں 80 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
جبکہ رواں سال میں ایشیا کے ممالک میں سفر کرنے والوں کی تعداد میں 8 فیصد کمی متوقع ہے۔
آئی اے ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل الیگزنڈر نے کہا ہے کہ ’فضائی کمپنیوں کے لیے یہ سال انتہائی مشکل ہوگا، تیل کے اخراجات میں کمی سے نقصان کا ازالہ ہونے میں مدد ملے گی۔‘
ایشیا کے علاوہ دیگر بین الاقوامی ہوائی کمپنیوں کے 1.5 ارب ڈالر کے نقصان کا خدشہ ہے۔ ایئر فرانس کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق اپریل تک کمپنی کو تقریباً 200 ملین ڈالر کا نقصان ہوگا۔

چین کی فضائی کمپنیوں کے آپریشنز میں 80 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ فوٹو اے ایف پی

دوسری جانب جرمنی نے بھی تجارتی اہداف کے حوالے سے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ کورونا وائرس کے باعث جرمنی کی برآمدات متاثر ہوئی ہیں۔
چین کی جرمنی کے ساتھ سب سے زیادہ تجارت ہوتی ہے اور جرمنی میں بننے والی مصنوعات کی چین میں بے حد مانگ ہے۔
جرمنی کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے آئندہ آنے والے مہینوں میں غیر ملکی تجارت متاثر ہوگی۔
چین کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کورونہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2،236 ہو گئی۔ ان میں سے زیادہ تر کا تعلق صوبہ ہوبائی سے ہے جہاں سے وائرس کا آغاز ہوا تھا۔ جبکہ پچیس سے زیادہ ممالک میں افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

شیئر: