Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہری فرضی سرمایہ کار کے جھانسے میں کیسے آیا؟

سرمایہ کاری کے نام پر شہری دولاکھ27 ہزار ریال گنوا بیٹھا (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی شہری راتوں رات امیر بننے کے چکر میں فرضی سرمایہ کاری کا شکار ہوکر دولاکھ 27 ہزار ریال گنوا بیٹھا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پولیس واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مکہ کے علاقے العزیزیہ میں رہنے والے ایک سعودی نے تھانے میں رپورٹ درج کرائی کہ نامعلوم سرمایہ کاروں نے اس کے اکاﺅنٹ سے 2 لاکھ 27ہزار ریال نکال لیے۔ 
 متاثرہ شخص نے کہا ’ انٹرنیٹ پر سرمایہ کاری کے حوالے سے اشتہار دیکھ کر کمپنی کے نمائندے سے رابطہ کیا۔ جس نے اسے بتایا کہ کمپنی ریاض شہر کے مختلف تجارتی شعبوں میں کام کرتی ہے‘۔ 

جس اکاﺅنٹ میں رقم منتقل کی گئی ہے وہ ایک خاتون کا اکاﺅنٹ ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

فرضی کمپنی کے نمائندے نے متاثرہ شخص سے کمپنی میں رجسٹریشن کے لی دو ہزار ریال طلب کیے، جو اس نے ادا کردیے۔
متاثرہ شخص نے مزید بتایا ’ کمپنی کے نمائندے کو دو ہزار ریال کی ٹرانزیکشن کرنے کے بعد ان کی طرف سے ایک ایس ایم ایس موصول ہوا جس میں بتایا گیا آپ کا اکاﺅنٹ قائم کردیا گیا ہے۔ فرضی اکاﺅنٹ قائم ہونے کے فوری بعد کمپنی کے نمائندے کی جانب سے فون کرکے میرے بینک اکاﺅنٹ اوردیگر تفصیلات طلب کی گئیں۔‘
نمائندے نے اس بات کا یقین دلایا کہ کمپنی کا کاروبار کافی وسیع ہے اور دنوں میں ہی لاکھوں ریال کی آمدنی متوقع ہے۔
جعلساز نے بینک تفصیلات حاصل کرنے کے بعد پن کوڈ مانگا جو میرے موبائل پر آیا تھا۔ متاثرہ شخص کا کہناتھا کہ پن کوڈ طلب کرنے پر میں چونکا ضرور تھا جس پر اس سے دریافت کیا کہ پن کوڈ میں کیوں ارسال کروں۔ 
’جعلساز نمائندے نے یہ کہہ کر مطمئن کردیا کہ پن کوڈ آپ کے اکاﺅنٹ کو ایکٹیو کرنے کے لیے ہے جو ہماری کمپنی کی جانب سے قائم کیا گیا ہے۔‘
متاثرہ شخص نے پولیس کو مزید بتایا اس شخص کو پن کوڈ دیتے ہی کچھ دیربعد میرے بینک اکاﺅنٹ سے 2لاکھ 25ہزار ریال مزید نکالے گئے۔
متاثرہ شخص نے بینک سے رجوع کیا تو پتہ چلا کہ جس اکاﺅنٹ میں یہ رقم منتقل کی گئی ہے وہ ایک خاتون کا اکاﺅنٹ ہے۔

شیئر: