جدہ.... پبلک پراسیکیوشن نے سرمایہ کاروں اور ملازم مرد و خواتین سے 140ملین ریال اینٹھنے والے 3سعودی شہریوں اور مقیم شامی کے ساتھ پوچھ گچھ مکمل کرلی۔ ان چاروں نے سرمایہ کاروں اور ملازم مرد و خواتین کو فرضی کاروبار کے جھانسے دیکر رقم اینٹھی تھی۔ باخبر ذرائع نے عاجل ویب سائٹ کو بتایا کہ ایک ہینڈسم سعودی نوجوان نے ایک گروہ تشکیل دے رکھا تھا جو 2سعودیوں اور ایک شامی پر مشتمل تھا۔ اس گروہ کے لوگ مقامی شہریوں کو دھوکہ دیکر ان سے رقمیں اینٹھ رہے تھے۔ نوجوان نے جدہ شہر کی مشہور اسٹریٹ پر ایک شاندار بنگلہ بھی کرائے پر حاصل کررکھا تھا جبکہ کورنیش پر ایک بڑے ٹاور میں بھی فلیٹ کرائے پر حاصل کئے ہوئے تھا۔ یہ سب کچھ دکھا کر وہ راتوں رات مالدار ہونے کا خواب دیکھنے والوں کو سبز باغ دکھا کر لو ٹ رہا تھا۔