ڈین جونز اس سے پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ وڈیو گریب
پاکستان سپر لیگ کے اب تک ہونے والے تین میں سے دو میچ کراچی میں ہوئے ہیں۔ افتتاحی تقریب کے بعد نیشنل سٹیڈیم میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کا دوسرا معرکہ بہت سارے حوالوں سے یادگار رہا۔
میزبان کراچی کنگز نے پہلے میچ میں پشاور زلمی کے خلاف فتح سمیٹی تو مین آف دی میچ بابراعظم سمیت کپتان عماد وسیم کی بیٹنگ کی تعریف ہوئی۔
اسی دوران پچ سے دور ٹیم کے ڈگ آؤٹ (میدان میں کھلاڑیوں کے بیٹھنے کی جگہ) میں بیٹھے کراچی کنگز کے غیر ملکی کوچ اپنے ایک چھوٹے سے کام کی وجہ سے سوشل میڈیا کی طرف سے خصوصی تحسین کے حقدار قرار پائے۔
سوشل میڈیا پر زیرگردش ایک ویڈیو میں کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز باؤنڈری لائن کے ساتھ موجود کچرا جمع کرتے نظر آتے ہیں۔
ویڈیو مناظر میں نمایاں ہے کہ وہ جمع شدہ کچرا گراؤنڈ سے اٹھا کر پاس موجود کچرے کے ڈبے میں ڈال رہے ہیں۔
سوشل میڈیا شائقین نے ان کے اس عمل کی تعریف کی تو میدان میں موجود شائقین کو سخت سنائیں بھی، تاہم کچھ ہینڈلز نے معاملہ واضح کیا کہ ڈین جونز جہاں سے کچرا اٹھا رہے ہیں وہاں تماشائی نہیں آ سکتے تھے، یہ کچرا یہاں موجود کھلاڑیوں یا عملے نے پھیلایا ہوگا۔
وجیہہ عباسی نامی ایک صارف نے ڈین جونز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ’ہم کم از کم اس کو دیکھ کر کچھ شرم کریں۔ کچھ تہذیب سیکھیں اور جگہ جگہ کوڑا پھینکنے کی عادت تبدیل کریں۔‘
علی مرتضیٰ نقوی نامی ایک صارف نے ڈین جونز کے عمل کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ’وہ صرف کراچی کنگز کی کوچنگ ہی نہیں کر رہے بلکہ اس سے کہیں آگے جا کر پوری پاکستانی قوم کی کوچنگ کر رہے ہیں۔‘
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ پی ایس ایل کے لیے پاکستان میں موجود ہیں۔ یہاں پہنچنے کے بعد ڈین جونز کھیل کے میدان میں تو مصروف ہیں ہی تاہم میدان سے باہر بھی مختلف سرگرمیوں کا حصہ بن رہے ہیں۔ ڈین جونز اس سے قبل پی ایس ایل فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے میچ کے دوران کراچی کے ڈگ آؤٹ میں ایک فرد کے موبائل فون استعمال کرنے کا معاملہ بھی سوشل میڈیا پر نمایاں رہا تھا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے انسداد کرپشن کوڈ کے مطابق کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کے لیے کیمونیکیشن ڈیوائسز استعمال کرنا منع ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
ڈین جونز نے اس معاملے کی وضاحت بھی کی۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’تمام ٹی 20 کرکٹ کی طرح مینیجر یا سی ای او فون استعمال کر سکتے ہیں۔ یہاں بھی ہمارے سی ای او طارق کام کر رہے ہیں، وہ ٹیم کے لیے آج ایک پریکٹس میچ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔‘
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں