حادثہ سرحدی علاقے الھدار کے قریب پیش آیا۔ فائل فوٹو: سوشل میڈیا
سعودی عرب کے مغربی صحرائی علاقے میں ٹریفک حادثے میں ایک سعودی شہری اور 11 غیر قانونی تارکین ہلاک ہوگئے ہیں۔
حادثے میں زندہ بچ جانے والے واحد شخص کا کہنا تھا کہ وہ ماضی میں مملکت سے بے دخل کیا جا چکا تھا اور اب دوبارہ سعودی عرب آیا جہاں حادثہ ان کا منتظر تھا۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق حادثہ مملکت کے سرحدی علاقے الھدار نامی قصبے سے 70 کلو میٹر مغربی سمت میں پیش آیا۔
حادثے میں زندہ بچ جانے والے ایتھوپیا کے باشندے نے سبق نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’ہم نے ایک سعودی گاڑی والے سے وادی الدواسر سے جانے پر اتفاق کیا۔ ڈرائیور مقررہ وقت پر پہنچا اور ہم گاڑی میں سوار ہو گئے‘۔
زخمی نے مزید بتایا ’نصف شب کے بعد گاڑی روانہ ہوئی صحرائی علاقے میں پہنچنے سے قبل مجھے نیند نے آن لیا۔ آنکھ کھلی تو گاڑی حادثے کا شکار ہو چکی تھی‘۔
ان کے مطابق ’میرے 11 ہم وطن جن میں تین خواتین شامل تھیں ہلاک ہوچکے تھے جبکہ باقی دو افراد کے بارے میں مجھے نہیں معلوم کہ ان کے ساتھ کیا ہوا‘۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہلاک ہونے والے غیر قانونی طور پر مملکت میں مقیم تھے جنہیں مقامی شہری چیک پوسٹوں سے بچا کر غیر معروف راستوں سے لے جا رہا تھا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع اور ہلال الاحمر کے یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہو ں نے نعشوں کو ایمبولنس میں سرد خانے منتقل کر دیا۔