پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین رہا
منگل 25 فروری 2020 14:24
رابعہ اکرم خان -اردو نیوز اسلام آباد
پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کو ڈیرہ اسماعیل خان جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔
پشتون تحفظ مومنٹ کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے اردو نیوز کو بتایا کہ منظور پشتین کو ڈیرہ اسماعیل خان جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔
محسن داوڑ کے مطابق کہ منظور پشتین کی رہائی سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کے خلاف بے بنیاد مقدمات قائم کیے گئے تھے۔
’ عدالت سے ہمیں ریلیف مل گیا ہے، یہ لوگ ہمیں جدوجہد سے نہیں روک سکتے۔ منظور پشتین سے جیل میں میری ملاقات ہوئی تھی اور اس قت بھی وہ اپنے اصولوں پر قائم تھے۔‘
پشتون تحفظ مومنٹ کے سربراہ کو ساتھیوں سمیت پشاور پولیس نے 26 اور 27 جنوری کی درمیانی شب پشاور کے علاقے تہکال سے گرفتار کیا تھا۔
منظور پشتین پر الزام لگایا گیا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے آئین پاکستان کے خلاف تقریر کی تھی۔
15 فروری کو ڈیر اسماعیل خان اور کرک کی مقامی عدالتوں نے پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین کی تین مقدمات میں ضمانت منظور کی تھی۔
گرفتاری کے وقت پشاور پولیس نے کہا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کو منظور پشتین متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔
27 جنوری کو پشاور کی مقامی عدالت نے منظور پشتین کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر سنٹرل جیل پشاور بھیج دیا تھا۔ بعد میں اسی عدالت نے ان کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے ڈیرہ اسماعیل خان جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
-
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں