جدہ میں غیر قانونی طور پر کام کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن
جدہ میں غیر قانونی طور پر کام کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن
جمعرات 27 فروری 2020 17:17
قانون شکنی کرنے والوں کو ملک بدر کیا جاتا ہے ( فوٹو: ٹوئٹر مکہ گورنریٹ)
حکومتی اداروں کی جانب سے جدہ ریجن میں غیر قانونی طور پر کام کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تفتیشی مہم میں پولیس، وزارت تجارت و سرمایہ کاری، وزارت افرادی قوت، ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ریجنل بلدیہ کے اہلکار شامل ہیں۔
یہ کریک ڈاؤن مہم ایسے غیر ملکیوں کے خلاف کی جا رہی ہے جو اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نجی گاڑیوں کو ٹیکسی اورذاتی ٹرانسپورٹ کو غیرقانونی طریقے سے لوڈنگ کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
مقامی ویب نیوز’اخبار 24‘ کے مطابق ’سکیورٹی آپریشن‘ کا آغاز بیک وقت شہر کے متعدد علاقوں سے کیا گیا تاکہ قانون شکنی کرنے والے زیادہ سے زیادہ افراد کو گرفتارکیا جا سکے۔
اس ضمن میں مکہ گورنریٹ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر آپریشن کے حوالے سے تصاویر جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’سکیورٹی آپریشن ایسے افراد کے خلاف کیا جا رہا ہے جوٹرانسپورٹ قوانین کی خلاف روزی کرتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے اپنی گاڑیوں کو نجی ٹیکسی کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ سعودی عرب میں نجی گاڑیوں کو ٹیکسی کے طور پر استعمال کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے، ایسا کرنے والے افراد کو ملک بدر کرنے کے علاوہ ان کی گاڑی بھی ضبط کر لی جاتی ہے جبکہ انہیں قید اور جرمانے کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
ایئرپورٹ پر کار پارکنگ کے خارجی راستے پر پولیس چوکی موجود ہوتی ہے جہاں تعینات اہلکار اس امر کا جائزہ لیتے ہیں کہ کوئی غیر ملکی اپنی گاڑی کو نجی ٹیکسی کے طور پر تو استعمال نہیں کر رہا۔ ایسا کرنے والے شخص کی گاڑی تحویل میں لے کر اس پر پانچ ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد اس غیر ملکی کو متعلقہ ادارے کے سپرد کیا جاتا ہے جہاں سے اسے ملک بدر کر دیا جاتا ہے۔