Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ میں ہوں، بالکل اصلی‘ دبنگ گرل سناکشی سنہا

سناکشی کو اپنے اوپر ہونے والی تنقید اور ٹرولنگ کا جواب دینا خوب آتا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
بالی وڈ کی دبنگ گرل سناکشی سنہا کو اکثر سوشل میڈیا پر ان کے جسم اور وزن کی وجہ سے ٹرول کیا جاتا ہے کبھی انہیں موٹی کہہ دیا جاتا ہے تو کبھی آنٹی۔ لیکن سناکشی کو اپنے اوپر ہونے والی تنقید اور ٹرولنگ کا جواب دینا خوب آتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دبنگ گرل کے بے ساختہ جملوں کی وجہ سے کئی بار تو ٹرولنگ کرنے والا خود ہی ٹرول ہوجاتا ہے۔
سناکشی باڈی شیمنگ کے خلاف مہم میں پیش پیش رہتی ہیں، گذشتہ دنوں ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہوئی جس میں انہوں نے ایسے تمام لوگوں کو ’شٹ اپ کال‘ دی تھی جو ان پر ان کے وزن کی وجہ سے فقرے کستے ہیں۔
اور اب سناکشی سنہا نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کچھ تصاویر شیئر کی ہیں جن میں وہ دبنگ انداز میں نظر آ رہی ہیں۔ دلچسپ بات یہ کہ انہوں نے جو کپڑے زیب تن کیے ہیں ان پر کچھ ایسے جملے لکھے ہیں جو ایسے صارفین کے لیے ’خاموش پیغام‘ ہیں جو ان پر بے جا تنقید کرتے ہیں۔
ایک تصویر میں ان کی شرٹ پر ہیش ٹیگ کے ساتھ ’اصلی‘ جبکہ دوسری میں ’کچھ چھپانے کی ضرورت نہیں‘ لکھا ہے۔
سناکشی نے اپنی ایک تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا ہے کہ ’بہتر اور مضبوط ہونے کا وقت آگیا ہے۔‘
جبکہ ایک اور تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کچھ چھپانے، کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، مجھے کوئی نہیں روک سکتا۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اور اپنے مخالفین کے لیے ایک خصوصی پیغام، کیونکہ یہ میں ہوں، بالکل اصلی!‘
سناکشی سنہا خواتین کے حوالے سے دقیانوسی سوچ بدلنے کے لیے سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیوز میں اپنے خیالات کا اظہار کرتی رہتی ہیں۔ گذشتہ دنوں ان کی ایک ویڈیو خاصی مقبول ہوئی تھی جس میں انہوں نے معاشرے میں روا رکھے جانے والے صنفی امتیاز پر منفرد انداز میں تنقید کی تھی۔

شیئر: