بحرینی وزارت صحت نے ٹول فری نمبر444 جاری کیا ہے (فوٹو: بحرین نیوز ایجنسی)
بحرینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں جمعے کو تین نئے کورونا وائرس کے مریضوں کی تصدیق ہوگئی اس کے ساتھ ہی بحرین میں نیو کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 36 تک پہنچ چکی ہے۔
عاجل ویب سائٹ نے بحرینی نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ کورونا کے مرض میں مبتلا تمام مریضوں کا بہترین طریقے سے علاج جاری ہے۔ کسی مریض کی حالت تشویشناک نہیں۔
کورونا میں مبتلا افراد گزشتہ دنوں ایران کا سفر کرکے آئے تھے (فوٹو: بحرین نیوز ایجنسی)
بحرینی وزارت صحت کے ذرائع کا کہناہے کہ کورونا وائرس میں مبتلا جن افراد کی تشخیص ہوئی ہے وہ تمام ایران سے بالواسطہ یا بلا واسطہ بحرین پہنچے تھے۔
بحرینی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بحرینی شہری اور غیر ملکی جوگزشتہ چند ماہ کے دوران ایران گئے انہیں چاہئے کہ وہ وزارت صحت کے مخصوص شعبے سے رجوع کریں۔
اس ضمن میں بحرینی وزارت صحت نے ٹول فری نمبر 444 جاری کیا ہے۔ جس پر ایسے افراد جوایران کا سفر کرچکے ہیں مکمل طبی معائنے کے لیے وقت حاصل کرسکتے ہیں۔
وزارت صحت کا کہناہے کہ ایسے افراد جنہیں یہ شک ہو کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ فوری طور پر وزارت صحت سے رجوع کریں۔ اس سے قبل کہ دوسرے بھی ان سے متاثر ہوں۔
احتیاطی تدابیر کے حوالے سے وزارت صحت کے ذرائع نے بتایا کہ ایسے افراد جو ایران سے آئے ہیں یا انہوں نے گزشتہ ماہ کے دوران ایران کا سفر کیا ہے انہیں چاہئے کہ وہ ادارہ صحت کی جانب سے دی گئی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔