بحرینی دولہا نے سلامتی کے پیش نظر مصافحہ پر اکتفا کا مشورہ دیا ہے۔ فوٹو اخبار 24
کورونا وائرس نے جہاں مشرق اور مغرب کے مختلف ممالک میں سیکڑوں افراد کو لقمہ اجل بنا دیا ہے وہیں شادی گھروں میں باراتیوں اور مہمانوں میں بھی خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق بحرین میں ایک دولہے نے دعوت کے کارڈز جاری کرکے مہمانوں پر عجیب و غریب پابندی عائد کر دی۔ پابندی کورونا وائرس کے پھیلاﺅ سے بچاو کے پیش نظر لگائی گئی۔
دولہے نے شادی گھر کے گیٹ پر ایک عبارت چسپاں کی ہے جس میں مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان سے درخواست کی گئی ہے کہ آپ کی اور ہماری سلامتی کے لیے درخواست ہے کہ سلام کرتے وقت صرف مصافحے پر اکتفا کیا جائے۔
عرب معاشروں کی روایت ہے کہ مہمان دولہے سے ملتے وقت اسے بوسہ دیتے ہیں جبکہ دولہا اپنے خاندان کے بزرگوں کو سلام کرتے وقت ان کی پیشانی چومتا ہے۔ نئی پابندی کورونا وائرس کے خوف سے لگائی گئی ہے۔
بحرینی دولہے کی یہ درخواست کہ اپنی اور ہماری سلامتی کے لیے صرف مصافحے پر اکتفا کریں اس کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
بحرینی وزارت صحت نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کے مزید سات مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس طرح بحرین میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد 33 تک پہنچ گئی ہے۔ بحرینی حکام کا کہناہے کہ کورونا سے بیشتر متاثرین ایران سے منامہ پہنچے ہیں۔