سعودی عرب میں اتوار سے موسم میں تبدیلی متوقع ہے (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے طول وعرض میں اتوار سے موسم میں تبدیلی متوقع ہے۔ بعض علاقے گرد وغبار کی لپیٹ میں رہیں گے۔
مقامی ویب نیوز سبق نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا کہ ’سعودی عرب کے شمالی حدود کے علاقے الجوف ریجن میں اتوار کو شدید گرد وغبار رہنے کا امکان ہے۔‘
مشرقی اور شمالی ریجن کے علاوہ قصیم اور ریاض میں بھی موسم غبار آلود رہے گا۔ موسم میں ہونے والی متوقع تبدیلی کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ان علاقوں میں رہنے والوں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
’وہ افراد جومتاثرہ علاقوں میں رہتے ہیں وہ گھروں یا دفتروں سے باہر نکلتے وقت خصوصی طبی ماسک استعمال کریں تاکہ موسمی اثرات سے محفوظ رہ سکیں‘۔
دریں اثنا وزارت صحت کی جانب سے بھی محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’گرد وغبار انسانی نظام تنفس کو شدید متاثر کرتا ہے اس لیے احتیاطی طور پر طبی ماسک کا استعمال ضرور کیا جائے خاص کر معمر افراد اور بچے بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں‘۔
محکمہ شہری دفاع کی جانب سے ریاض اور قصیم ریجن میں سفر کرنے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اتوار کو شاہراوں پر گرد وغبار کے باعث خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی جا ئیں۔
’شاہراہوں پر گرد وغبار کے طوفان سے حد نگاہ کم ہونے کا امکان ہے اس لیے سفر کرنے والے خصوصی احتیاط کریں‘۔